ڈیلی ویجروں کی واجب الادااُجرتوں کوبلاتاخیر واگزارکیاجائے :اعجازخان
سری نگر:۱۲،اپریل:سینئرٹریڈیونین لیڈراعجازاحمدخان نے سرکاری ملازمین کوآن لائن کے ذریعے تنخواہیں فراہم کرنے کے فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہوئے پی ایچ ای ،محکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول،محکمہ فشریز اوردوسرے محکموں میں تعینات ڈیلی ویجروں اورکیجول لیبروں کی واجب الادااُجرتوں کوبلاتاخیر واگزار کرنے کی مانگ کی ۔ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کے چیئرمین اعجازاحمدخان نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم جموں وکشمیرسرکار کے اُس فیصلے کاخیرمقدم کرتے ہیں ،جسکے تحت اب ملازموںکوآن لائن کے ذریعے ماہانہ تنخواہیں فراہم کی جائیں گی ۔تاہم انہوں نے کہاکہ 2جی موبائل انٹرنیٹ سروس کے چلتے ملازمین کواپنی تنخواہیں لینے میں مشکلات پیش آئیں گی ،اسلئے ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ جموں وکشمیرمیں 4جی موبائل انٹرنیٹ سروس جلد بحال کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں آن لائن کے ذریعے تنخواہیں واگزار کرنابہتر فیصلہ ہے لیکن اس کافائدہ عام ملازمین کوتب ہی ہوگاجب اُ نکے پاس فورجی انٹرنیٹ سروس ہوگی ۔اعجازخان نے مزیدکہاکہ پی ایچ ای ،محکمہ اری گیشن وفلڈ کنٹرول،محکمہ فشریزاوردوسرے کئی سرکاری محکموں میں ہزاروں کی تعدادمیں ڈیلی ویجر اوردوسرے لوگ عارضی بنیادوں پراپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن ان سبھی عارضی ملازمین کوکبھی وقت پرماہانہ اُجرت نہیں دی جاتی ہے ،جسکے باعث یہ غریب طبقہ ہمیشہ مالی بدحالی سے دوچاررہتاہے ۔انہوں نے سرکارسے مانگ کی کہ تمام ڈیلی ویجروں ،کیجول لیبروں اوردوسرے ایسے عارضی ملازمین کی واجب الادااُجرتوں کوجلدسے جلدواگزار کیاجائے ۔اعجازاحمدخان نے کہاکہ لاک ڈاﺅن میں اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے سرکاری ملازمین کوبلاوجہ ہراساں کیاجاتاہے جوصحیح نہیں ہے ۔انہوں نے کھبریال کپوارہ میں محکمہ خوراک وعوامی رسدات کے اسٹور کیپر کیساتھ کی گئی مارپیٹ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ لاک ڈاﺅن میں اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے سبھی سرکاری ملازمین کے عزت نفس اورتحفظ کاخیال رکھاجائے تاکہ اُنھیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں کسی مشکل کاسامنانہ کرناپڑے ۔ ۔ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹو کمیٹی کے چیئرمین اعجازاحمدخان نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ بیرون ریاستوں میں درماندہ پڑے لوگوں کی گھرواپسی کیلئے جموں وکشمیرکی سرکارکوفوری اقدامات اُٹھانے چاہیں تاکہ موجودہ مشکل اورنازک ترین صورتحال میں یہ لوگ اپنے اہل خانہ کیساتھ رہ سکیں ،۔انہوں نے مختلف شہروں میں ہفتوں سے درماندہ پڑے طالب علموں ،مزدروں ،تاجروں ،شال پھیری والوں اوربیمار نیز اُن کے رشتہ داروں کووہاں سے نکالنے کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات کی مانگ کرتے ہوئے سرکارسے اپیل کی کہ درماندہ پڑے لوگوں کوواپس لانے کیلئے ایس آرٹی سی کی بسوں کوروانہ کیاجائے ۔اعجازخان نے کوروناوائرس کوپھیلنے سے روکنے کیلئے جاری اقدامات پراطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سرکار کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پرسختی کیساتھ عمل کرتے ہوئے گھروں میں ہی رہیں اورسماجی دوری پرعمل کویقینی بنائیں ۔





