سرینگر//2 اپریل/دنیاکے مختلف ممالک میں ابتک47ہزارسے زیادہ انسانوں کوموت کی نیدسلادینے والاکوروناوائرس جموں وکشمیرمیں بھی تیزی کیساتھ پھیل رہاہے ،کیونکہ دوصوبوں جموں اورکشمیر پرمشتمل ایک کروڑ30لاکھ نفوس والی اس یونین ٹریٹری میں کووڈ19میں مبتلاءمریضوں کی تعداد70تک پہنچ گئی ہے ،جن میں سے ابتک2افرادازجان ہوئے ہیں۔معلوم ہواکہ بدھ کی شام جموں شہراورنزدیکی ضلع اودھم پورمیں مزید5افرادکے کوروناٹیسٹ مثبت آئے اوراس طرح سے جموں صوبے میں ایسے مریضوں کی تعداد17تک پہنچ گئی جبکہ جموں وکشمیرمیں بدھ کی شام تک ایسے مریضوں کی کل تعداد67تھی ،جن میں سے 50کاتعلق کشمیروادی سے ہے ۔معلوم ہواکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے مائیکرﺅبیالوجی شعبہ میں تعینات جس ڈاکٹرکاٹیسٹ کچھ روزپہلے مثبت آیاتھا،اُس کے والد ،اہلیہ اورگھریلو نوکر کے ٹیسٹ بھی مثبت آگئے تاہم مذکورہ ڈاکٹرکی والدہ کاٹیسٹ منفی پایاگیا۔جی ایم سی جموں کے ذرائع نے بتایاکہ کالج میں تعینات ڈاکٹر کاٹیسٹ مثبت آنے کے بعداسکے افرادخانہ کے نمونے بھی حاصل کئے گئے تھے ،اوربدھ کی شام سبھی افرادخانے کی تشخیصی رپورٹ آگئی ،جس میں دیکھاگیاکہ کوروناوائرس میں مبتلاءڈاکٹرکے والد،اہلیہ اورگھریلونوکر بھی اس وائرس کی زدمیں آچکے ہیں کیونکہ اُن کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی تاہم ڈاکٹرکی والد اس اعتبارسے ابھی تک محفوظ ہے کیونکہ اسکاٹیسٹ منفی آیاہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرکوپہلے ہی جی ایم سی کے الگ تھلگ وارڈمیں رکھاگیاہے جبکہ اُسکے والد،اہلیہ اورنوکر کوبھی خصوصی وارڈمیں منتقل کیاگیا۔اس دوران معلوم ہواکہ ضلع اودھم پورسے تعلق رکھنے والے 2افرادکوبھی کوروناوائرس میں مبتلاءپایاگیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ دونوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اودھم پورکے رہنے والے جن دوافرادکوکوروناوائرس میں مبتلاءپایاگیاہے ،وہ اس وائرس کے شکار کچھ مریضوں کے رابطے میں رہے تھے ۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ پانچ نئے کیس سامنے آنے کے بعدجموں صوبے میں کووڈ19میں مبتلاءمریضوں کی تعداد17تک پہنچ چکی ہے جبکہ یونین ٹریٹری میں بدھ کی شام تک اس خطرناک وائرس میں مبتلاءہونے والے افرادکی کل تعداد67تک پہنچ گئی تھی ۔اس دوران جی ایم سی جموں کے ذرائع نے بتایاکہ مارچ کے پہلے ہفتے میں جس شخص کاکوروناٹیسٹ مثبت آیاتھا،اُسکی تازہ ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی ہے ۔خیال رہے بدھ کے روزکشمیرمیں 7افرادکے ٹیسٹ مثبت آئے تھے اوروادی میں اس وائرس میں مبتلاءمریضوں کی کل تعدادبدھ کی شام تک50ہوگئی تھی ،جن میں سے حیدرپورہ سری نگرکاایک عالم دین اورٹنگمرگ کارہنے والاایک شخص اس دارفانی سے رحلت کرچکے ہیں جبکہ خانیارسری نگرکی خاتون کوصحت یاب ہونے کے بعدجمعرات کی صبح صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سے رخصت کیاگیا،اوروہ 15روزبعد اپنے گھرمنتقل ہوئی ۔



