20سینئر آفیسران کو خصوصی تربیت کیلئے سی بی آئی ایکاڈمی غازی آباد روانہ کرنے کے احکامات صادر
ایشین میل نیوز
سرینگر/اینٹی کرپشن بیورو میں تعینات آفیسران کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی خاطر ریاستی حکومت نے 20آفیسران کو 10روزہ خصوصی تربیت کیلئے سی بی آئی ایکاڈمی غازی آباد روانہ کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ایکاڈمی میں آفیسران کو کرپشن میں ملوث آفیسران کے خلاف کارروائی کرنے اور تفتیشی عمل کو وقت مقررہ کے اندرا ندر مکمل کرنے کے ہنر سکھائے جائینگے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق ریاستی حکومت نے اینٹی کرپشن بیورو کو مزید فعال کرنے کی خاطر 20پولیس آفیسران کو دس روزہ خصوصی تربیت کیلئے سی بی آئی ایکاڈمی غازی آباد روانہ کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر 38بتاریخ 18/07/2019کے مطابق اینٹی کرپشن بیورو میں تعینات ایس پی سندیپ گپتا ، ایس ایس پی دلیپ کمار ، ایس پی مشتاق احمد چودھری ، ڈی ایس پی زہیب تنویر ، ڈی ایس پی رمیز رشید بٹ ، ڈی ایس پی حامد علی بانڈے ، ڈی ایس پی شیخ مدثر احمد فاورقی، ڈی ایس پی سجاد احمد شیخ ، ڈی ایس پی مسعود احمد بیگ ، ڈی ایس پی پردیپ سنگھ ، ڈی ایس پی اعجاز احمد شیخ ، سینئر پی او فیاض احمد ، انسپکٹر رامیشور سنگھ ، انسپکٹر شری کانت پریہار، انسپکٹر راج کمار دھار ، انسپکٹر محمد عارف ، انسپکٹر راکیش کمار ، انسپکٹر فاروق احمد بانڈے، انسپکٹر سجاد علی ، انسپکٹر محمد روف بزاز کو خصوصی تربیت کیلئے غازی آباد بھیجا جا رہا ہے جہاں پر اُنہیں مختلف ہنروں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ گورنر انتظامیہ اینٹی کرپشن بیورو کو مزید اختیارات دینے اور کرپشن میں ملوث آفیسران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا من بنا چکی ہے اور اس سلسلے کی ایک کڑی کے تحت ہی اینٹی کرپشن بیور و میں تعینات آفیسران کو تربیت کیلئے غازی آباد بھیجنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک اینٹی کرپشن بیورو کو مکمل آزادی فراہم کرنے کے حق میں ہے تاکہ یہ ادارے کسی دباو کے بغیر ہی آفیسران کے خلاف کارروائی عمل میں لا سکے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو نے بیک وقت کئی کیس اپنے ہاتھ میں لئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر گورنر کو ان کیسوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔ معلو م ہوا ہے کہ گورنر انتظامیہ کرپشن میں ملوث آفیسران کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لانے کا من بنا چکی ہے اور اس سلسلے میں اینٹی کرپشن بیورو کو مزید اختیارات دئے جارہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ آنے والے دنوں کے دوران بڑے مگر مچھوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں ایک لسٹ بھی تیار کی جاچکی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر انتظامیہ کرپشن کے معاملے پر زیرو ٹرولنس پر پابند ہے تاکہ ریاست کو کرپشن کے ناسور سے چھٹکارا دلا جاسکے۔ قابلِ ذکر ہے کہ ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے گزشتہ دنوں ہی اس بات کا اعلان کیا تھا کہ کرپشن میں ملوث بڑ ے مگر مچھوں کے خلاف کارروائی کرنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریاست جموںوکشمیر میں عجیب وغریب صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے معمولی سا ملازم بھی کروڑ پتی بن گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سرسبز سونے کو تہیہ تیغ کرکے جنگلات محکمہ کے سینئر آفیسران نے کروڑوں کی جائیداد بنائی ہے اور دہلی کے پاش علاقوں میں انہوںنے فلیٹ خریدئے ہیں۔





