حیدرآباد،: اپنے وقت کی تلگو و تامل فلموں کی مشہور اداکارہ وڈائرکٹر وجئے نرملا چل بسیں۔ان کی عمر 73 برس تھی۔ وجئے نرملا،سوپر اسٹار کرشنا کی بیوی تھی۔بدھ کی رات دو بجے گچی باولی کے پرائیویٹ اسپتال میں ان کو دل کا دورہ پڑاجس کے نتیجہ میں ان کی موت ہوگئی۔وجئے نرملا 20 فروری 1946 میں تامل ناڈو میں پیدا ہوئی اور 7 سال کی عمر میں انہوں نے تامل فلم میں کام کیا تھا، بعد ازاں 11 سال کی عمر میں تلگو فلم پانڈو رنگا سے تلگو فلموں میں انہوں نے کام کرنا شروع کیا۔پہلے شوہر سے علحدگی کے بعد انھوں نے سوپر اسٹار کرشنا سے شادی کی تھی انھیں ایک بیٹا نریش ہے۔ان کی موت پر تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔اپنے پیام میں مسٹر راو نے ان کے غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور اداکارہ کی تلگو فلم انڈسٹری کے لئے خدمات کو بھی یاد کیا۔
-یواین آئی





