نئی دہلی، : مرکزی وزیر نتن گڈکری نے کہا ہے کہ انہیں شفاف اورمقررہ وقت کے دوران کام مکمل کرنا اور جو افسر وزارت کے فیصلے پر فوری طور پر اور تندہی سے کام شروع کر دیتے ہیں، بہت پسند ہیں۔
مسٹر گڈکری نے منگل کو یہاں روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کی وزارت کا مسلسل دوسری بار عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ بات کہی۔ عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی مسٹر گڈکری نے ایک فائل پر دستخط کرکے وزارت میں اپنا کام شروع کر دیا۔
اس دوران مسٹر گڈکری کے ساتھ ان کی اہلیہ کنچن نتن گڈکری بھی موجود تھیں۔ مسٹر گڈکری پچھلی حکومت میں بھی اسی وزارت میں کابینی وزیر تھے اور ان کے کام کی کافی ستائش کی گئی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات کے دوران اپنے پانچ سال کی مدت کی کامیابیوں میں سڑک نقل و حمل کے کاموں کا بار بار ذکر کیا اور اس کے زور پر ووٹ مانگے تھے۔
مسٹر گڈکری مہاراشٹر کے ناگپور سے لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ ہیں اور وہ دوسری بار منتخب ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے سابق قومی صدر کے طور پر بھی ان کے کام کی کافی ستائش کی گئی۔
یو این آئی





