شوپیان :جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں جمعرات کو بعد دوپہر کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہونے کے ساتھ ہی جھڑپ کا سلسلہ شروع ہوا ،جو تادم تحریر جاری ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق فوج وفورسز نے مشترکہ طور پر جنوبی ضلع شوپیان کے ہیندئو گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن عمل میں لایا ۔ذرائع کے مطابق فورسز نے یہ کارروائی گائوں میں جنگجوئوں کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد عمل میں لائی ۔
ذرائع کے مطابق بعد دوپہر شروع کئے گئے اس آپریشن کے دوران جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا ،جس دوران طرفین نے ایکدوسرے کے خلاف بندوقوں کے دھانے کھولے ۔طرفین کے مابین شدید جھڑپ شروع ہوئی جو تاحال جاری ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ دو سے تین جنگجوئوں کے محاصرے میں پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل پلوامہ میں جمعرات کی علی الصبح ایک خون آشام جھڑپ میں تین جنگجو ،ایک عام شہری ،ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے ۔





