منگل, دسمبر ۱۶, ۲۰۲۵
8.1 C
Srinagar

زینہ پورہ شوپیان مسلح حملہ:دو زخمی سیاسی کارکنوں میں ایک کی موت

ایشین میل نیوز ڈیسک

سرینگر: زینہ پورہ شوپیان میں 8مئی کو ہوئے ایک مسلح حملے میں زخمی 2سیاسی کارکنوں میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں دم توڑ بیٹھا ۔معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ سیاسی ورکر نے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاءرہنے کے بعد جمعرات کی علی الصبح زندگی کی آخری سانس لی ۔

ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر عمر جاوید نے بتایا ہے کہ عرفان احمد ولد عبدالحمید شیخ ساکنہ زینہ پورہ شوپیان کی موت جمعرات کی علی الصبح ہوئی ۔انہوں نے مزید کہا کہ عرفان کا علاج ومعالجہ انتہائی انگہداشت والے وارڈ میں ہورہا تھا ،تاہم جمعرات کی علی الصبح اُسکی موت ہوگئی ۔

یاد رہے کہ 8مئی کو نامعلوم بندوق برداروں نے زینہ پورہ شوپیان میں فائرنگ کرکے عرفان اور اسکے ساتھی مظفر احمد بٹ کو زخمی کیا تھا ۔دونوں دوا فروش ہیں اور نامعلوم بندوق برداروں نے اُنہیں دوا دکان واقع زینہ پورہ شوپیان میں گولیوں کا نشانہ بنایا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں پر جنگجوﺅں نے گولیاں چلائیں جبکہ معاملے کی نسبت ایک ایف آئی آر زیر نمبر25/2019زیر دفعات 307اور364آر پی سی کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔

دونوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ محبوبہ مفتی کی سربراہی والی سیاسی پارٹی ’پی ڈی پی ‘کے کارکنا ن ہیںاور وہ زینہ پورہ میں مذکورہ پارٹی کے پولنگ ایجنٹ تھے ۔پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا ۔یہاں 6مئی کو پارلیمانی نشست اننت ناگ کےلئے تیسرے مرحلے کے تحت ووٹ ڈالے گئے تھے ۔ ضلع شوپیان میں ووٹنگ کی شرح قریب دو فیصد درج کی گئی تھی ۔

دونوں زخمیوں کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں داخل کیا گیا تھا ،تاہم 8روز تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلاءرہنے کے بعد عرفان زندگی کی جنگ ہار گیا ۔اس دوران جونہی مذکورہ سیاسی کارکن کی میت آبائی گاﺅں پہنچائی گئی ،تو وہاں کہرام اور صف ماتم بچھ گئی ۔

(جی این ایس )

Popular Categories

spot_imgspot_img