بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

قصبہ پلوامہ میں جھڑپ،2فوجی اہلکار ،عام شہری زخمی ،آپریشن جاری

ایشین میل نیوز ڈیسک

پلوامہ : جنوبی قصبہ پلوامہ کے مضافاتی علاقہ ڈلی پورہ میں جمعرات کی علی الصبح جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان شروع ہوئی جھڑپ میں اب تک 2فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق ایک جنگجو جاں بحق ہوا ۔اس دوران مقام جھڑپ کے نزدیک پھوٹ پڑے احتجاجی مظاہروں کے دوران ایک عام شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔

ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق فوج وفورسز نے جنگجوﺅں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کی بنیاد پر قصبہ پلوامہ کے مضافاتی علاق ڈلی پورہ کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کو اپنے محاصرے میں لیا ۔ذرائع نے بتایا کہ دوران شب ہی فورسز نے علاقے میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا اور اس مقصد کےلئے خصوصی لائٹس کا بھی استعمال کیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ فوج کی55آر آر ،سی آر پی ایف اور ایس اوجی اہلکاروں نے مشترکہ طور پر یہ جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی ایک پارٹی تلاشی کارروائی کے دوران ایک مخصوص مقام کی طرف بڑھ رہی تھی ،جس دوران علاقے میں موجود جنگجوﺅں نے اُن پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ذرائع کے مطابق طرفین کے مابین سحری کے وقت آمنا سامنا ہوا ،جس کے ساتھ ہی شدید گولیوں کا تبادلہ بھی شروع ہوا ۔

ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے تبادلے میں فوج کے 2اہلکار زخمی ہوئے ،جنہیں فوری طور پر علاج معالجہ کی خاطر فوجی اسپتال منتقل کیا گیا ۔تاہم سرکاری سطح پر ابھی اسکی تصدیق نہیں ہوئی ۔ادھر غیر مصدقہ ذرائع نے بتایا ابتدائی فائرنگ میں ممکنہ طور ایک جنگجو بھی جاں بحق ہوا جبکہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے کے دوران ایک عام شہری جسکی شناخت یونس احمد ڈار ولد جلال الدین ساکنہ ڈلی پورہ پلوامہ کے بطور ہوئی ،زخمی ہوا ۔زخمی شہری کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ جونہی علاقے میں یہ خبر پھیلی کہ جنگجو اور فوج وفورسز کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی ،تو نوجوانوں کی ٹولیاں مختلف سمت سے نمودار ہوئیں ،جنہوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے محاصرے میں پھنسے جنگجوﺅں کو بچانے کےلئے انکاﺅنٹر مخالف مظاہرے شروع کئے ۔

ذرائع نے بتایا کہ مشتعل مظاہرین نے فورسز کے جنگجو مخالف آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی ،جس دوران فورسز نے مشتعل مظاہرین کو تتربتر کرنے کےلئے کارروائی عمل میں لائی ۔ادھر پلوامہ میں احتیاطی اقدامات کے تحت موبائیل انٹر نیٹ خد مات منقطع کردی گئیں ۔

علاقے میں تناﺅ اور کشیدگی کی صورتحال کے بیچ جنگجو مخالف آپریشن یا انکاﺅنٹر جاری ہے (مزید تفصیلات کا انتظار )

Popular Categories

spot_imgspot_img