جموں وکشمیر: دربار مو دفاتر 6 ماہ بعد سری نگرمیں کھل گئے

جموں وکشمیر: دربار مو دفاتر 6 ماہ بعد سری نگرمیں کھل گئے

سری نگر،جموں وکشمیر میں دربار مو کی ڈیڑھ صدی پرانی روایت کے تحت سردیوں کے چھ ماہ سرمائی دارالحکومت جموں میں رہنے کے بعد تمام دربار مو دفاتر بشمول گورنر اور ان کے مشیروں کے دفاتر پیر کو یہاں کڑے سیکورٹی حصار میں کھل گئے۔ یہ دفاتر جموں میں 26 اپریل کو بند ہوئے تھے۔

گورنر ستیہ پال ملک پیر کی صبح سول سیکرٹریٹ پہنچے جہاں ان کے مشیروں، پولیس سربراہ دلباغ سنگھ، مختلف ملازمین انجمنوں کے نمائندوں اور سول سکریٹریٹ کے ملازمین اور افسروں نے ان کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا۔

گورنر نے اس موقعہ پر جموں وکشمیر پولیس کے ایک دستے کی طرف سے پیش کئے گئے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ گارڈ آف آنر کے بعد گورنر نے کئی محکموں کا معائنہ بھی کیا۔

سیول لائنز بالخصوص سیول سکریٹریٹ کے اندر اور اس کے گردونواح میں ریاستی پولیس اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی تھی اور مختلف جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی تھیں جن میں تعینات فورسز اہلکار کڑی نگاہ رکھے ہوئے تھے۔

سکریٹریٹ میں درما مو دفاتر کھلنے کے ساتھ ہی اس کی سات منزلہ عمارت کی چھت پر قائم کئے گئے بنکروں میں سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں، جو دوربینوں کی مدد سے راہگیروں کی نقل وحرکت پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ سیکورٹی فورسز کو اُن تمام سڑکوں پر تعینات کردیا گیا تھا، جن کے ذریعے انتہائی اہم شخصیات اور دیگر اعلیٰ افسران سکریٹریٹ پہنچے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.