’پتھر مسجد‘کی حالت ناگفتہ بہہ ،مسجد انتظامیہ کا الزام

’پتھر مسجد‘کی حالت ناگفتہ بہہ ،مسجد انتظامیہ کا الزام

سرینگر شہر خاص میں واقع تاریخی وقدیم ’پتھر مسجد ‘جسے عرف عام میں شاہی مسجد کہا جاتا ہے ،کی ناگفتہ بہہ حالت پر مقامی لوگوں اور مسجد شریف کی انتظامیہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ۔مسجد شریف کی انتظامیہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس قدیم اور تاریخی مسجد شریف کی عظمت رفتہ بحال رکھنے کےلئے دو محکمہ جات مسلم وقف بورڈ اور آثار قدیمہ دیکھ بھال کررہے ہیں ،تاہم عدم توجہی کے باعث اسکی عظمت متاثر ہورہی ہے ۔

شہر خاص میں واقع تاریخی ’پتھر مسجد ‘ (شاہی مسجد شریف ) کی انتظامیہ کے صدر طارق احمد بٹ نے بتایا کہ اس تاریخی مسجد کی عظمت رفتہ دو محکموں کی عدم توجہی کے سبب بری طرح سے متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس تاریخی مسجد شریف کی دیکھ بھال دو محکمہ جات مسلم وقف بورڈ اور ریاستی آثار قدیمہ کررہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر مسلم وقف بورڈ مسجد شریف کے امام اور چو کیدار کی تعیناتی کی ذمہ داری نبھا رہا ہے ،جو بخوبی نبھا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آثار قدیمہ مسجد شریف کی صفائی ستھرائی کی ذمہ داری انجام دے رہا ہے ۔

تاریخی ’پتھر مسجد ‘ (شاہی مسجد شریف ) کی انتظامیہ کے صدر طارق احمد بٹ نے بتایا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ آثار قدیمہ کی جانب سے مسجد شریف کی صفائی ستھرائی کےلئے تعینات کئے گئے ملازمین عدم توجہی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس محکمہ کے ملازم دفتر آکر دن بھر بیٹھے رہتے ہیں اور مسجد کی صائی وستھرائی کا کام انجام نہیں دیتے ۔

طارق احمد بٹ کا کہنا ہے کہ جب مسجد شریف کی انتظامیہ کے ذمہ داروں نے مذکورہ ملازمین کے ساتھ رابط قائم کیا تو انہوں نے بقول اُنکے مسجد شریف کی صفائی کرنے سے صاف انکار کیا ،جسکی وجہ سے یہ مسجد اپنی عظمت کھو رہی ہے ۔

اس سلسلے میں جب ایشین میل نے آثار قدیمہ کے ایک ذمہ دار فیاض احمد شاہ سے فون پر رابط قائم کیا ،تو انہوں نے کہا کہ مسجد شریف کی انتظامیہ کمیٹی نے تحریری طور شکایت کی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ انتظامیہ کے الزامات صد فیصد صحیح نہیں ہے بلکہ مسجد شریف کی صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے ۔

ان کا کہناتھا کہ اگر پھر بھی کہیں کوئی کوتائی یا غفلت پائی گئی ،تو اُس کا سنجیدہ نوٹس لیا جائیگا ،تاہم مسجد انتظامیہ کی جانب سے معمولی نوعیت کے مسئلے کو یوں نہیں اچھالنا چاہئے ۔انہوں نے کہا ’آپ خود جاکر مسجد شریف کی صفائی کا جائزہ لے سکتے ہیں اور رپورٹ شائع کرنے سے پہلے ضرور مسجد شریف کا دورہ کیجئے گا ‘۔

ادھرتاریخی ’پتھر مسجد ‘ (شاہی مسجد شریف ) کی انتظامیہ نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جانب خاص توجہ مرکوز کریں ۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان نے دستک دی ہے اور یہ مہینے عبادت کا ہے لہٰذا محکمہ آثار قدیمہ کو فوری طور پر مسجد شریف کی صفائی ستھرائی کی طرف اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اتوار کو مسجد شریف کی انتظامیہ کے ذمہ داران نے ہی صفائی کا کام انجام دیا ۔

یاد رہے کہ ’پتھر مسجد‘، مغل زمانے کی مسجد ہے ،یہ پتھروں سے بنائی گئی ہے۔مسجد23 16ءمیں مغل بادشاہ جہانگیر کی بیوی نور جہاں نے بنوائی تھی۔یہ مسجد چونے کے پتھروں سے بنائی گئی ہے۔

مسجد شریف شہر خاص میں دریائے جہلم کے بائیں کنارے پر واقع ہے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.