ایشین میل نیوز ڈیسک
بجبہاڑہ :جنوبی ضلع اننت ناگ کے قصبہ بجبہاڑہ میں جمعرات کی علی الصبح جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان ہوئی خونین معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوئے ۔
پولیس ترجمان نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج ،پولیس وفورسز نے مشترکہ طور پر باگنڈر بجبہاڑہ نامی گائوں کا محاصرہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ فورسز کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ گائوں میں مسلح جنگجوئوں کا ایک گروہ موجود ہے ،جسکے بعد یہاں تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ان کا کہناتھا کہ تلاشی کارروائی گائوں میں موجود جنگجوئوں نے فورسز پر فائرنگ کی ،جسکے ساتھ طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی ۔
پولیس ترجمان کا کہناہے کہ دوران جھڑپ دو جنگجو جاں بحق ہوئے جنکی نعشیں جائے جھڑپ سے برآمد کر لی گئیں ۔ان کا کہناتھا کہ جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت کی جارہی ہے ،جو فوری طور پر نہیں ہوئی ۔