ہفتہ, جنوری ۲۵, ۲۰۲۵
8.8 C
Srinagar

کشمیر میں رواں سال اب تک 69 جنگجو مارے گئے: لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں

سری نگر: سری نگر میں قائم فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں امسال اب تک 69 جنگجو مارے گئے جبکہ دیگر 12 کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد جنگجو مخالف آپریشنوں میں تیزی لائی گئی اور 41 جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا جن میں سے 25 کا تعلق ‘جیش محمد’ سے تھا۔
لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کے جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت کے رجحان میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بندوق اٹھائے گا مارا جائے گا۔
فوج کی پندرہویں کور کے جی او سی بدھ کی شام یہاں پولیس کنٹرول روم سری نگر میں سینئر سیکورٹی عہدیداروں بشمول پولیس سربراہ دلباغ سنگھ، آئی جی پولیس کشمیر سوئم پرکاش پانی اور سی آر پی ایف کے آئی جی آپریشنز ذوالفقار حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا ‘امسال اب تک 69 جنگجوئوں کو مارا جاچکا ہے۔ 12 دیگر گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ پلوامہ حملے کے بعد 41 جنگجو مارے گئے جن میں سے 25 کا تعلق جیش محمد سے تھا۔ ان 25 میں سے 13 پاکستانی اور 13 اے زمرے کے جنگجو تھے’۔
لیفٹیننٹ جنرل ڈھلوں نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد ‘جیش محمد’ کے جنگجو سیکورٹی فورسز کا بنیادی ہدف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں اب اس تنظیم کا کوئی لیڈر نہیں بچا ہے۔
انہوں نے کہا ‘ہم نے جیش محمد کی لیڈرشپ کو اپنا ہدف بنایا۔ موجودہ صورتحال یہ ہے کہ وادی کشمیر میں کوئی بھی جیش محمد کی لیڈرشپ اپنے ہاتھوں میں لینے کے لئے تیار نہیں ہورہا ہے’۔
انہوں نے کہا ‘پاکستان کی تمام تر کوششوں کے باوجود ہم جیش محمد کو ختم کرنے کا کام جاری رکھیں گے۔ میں یہ بھی کہنا چاہوں گا کہ میدانی علاقوں اور سرحدوں پر جنگجوئوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img