ایشین میل نیوز ڈیسک
سرینگر:وزیر اعظم ہند نریندرا مودی ایک پہلی مرتبہ عام لوگوں کے ساتھ قطار میں نظر آئے ،یہ قطار نوٹ بندی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کی نہیں تھی بلکہ بھارت بھر میں ہورہے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کی قطار تھی ۔
نریندر مودی سخت ترین سیکیورٹی کے بیچ احمد آباد میں قائم ایک پولنگ مرکز پر پہنچ گئے ،جہاں پہلے سے ہی رائے دہندگان کی ایک خاصی تعداد قطار میں تھی ،وزیر اعظم حق رائے دہی کا استعمال کرنے کےلئے اسی قطار میں کھڑے ہوگئے اور انکی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا انتخابات کے لئے منگل کو ہو رہے تیسرے مرحلے کی پولنگ میں رائے دہندگان سے بھاری تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔
مودی نے ٹویٹ کرکے کہا’’ رائے دہندگان لوک سبھا انتخابات کے لئے تیسرے مرحلے کی پولنگ میں ریکارڈ تعداد میں ووٹ کریں. آپ کا ووٹ بہت قیمتی ہے‘‘۔
خیال رہے لوک سبھا انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 116 انتخابی حلقوں میں سخت سیکورٹی کے درمیان ووٹنگ منگل کی صبح سات بجے شروع ہو گئی۔