سرینگر/مڈورا ترال میں سی آر پی ایف کیمپ پر سر شام گرنیڈ حملہ ۔ ادھر ملہ پورہ وترگام رفیع آباد میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں جس کے ساتھ ہی سیکورٹی فورسز نے اس پورے علاقے کو سیل کرکے جگہ جگہ لائٹیں نصب کیں ہیں۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پورے فرار ہونے کے تمام راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی یوپی آئی کے مطابق مڈورا ترال میں جمعہ شام دیر گئے سی آر پی ایف کیمپ کے نزدیک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں لوگ گھروںمیں سہم کر رہ گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے کیمپ پر یو بی جی ایل گرنیڈ داغا جس کے جواب میں پیرا ملٹری فورسز نے جوابی کارروائی کے بطور ہوا میں کئی راونڈ فائر کئے۔ گرنیڈ حملے میں کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ ادھر عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد 32آر آر ، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز نے رفیع آبار بارہ مولہ کے ملہ پورہ وتر گام علاقے کو جونہی محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران کھیت میں اندھا دھند گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں کئی منٹوں تک گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیں جس کے نتیجے میں لوگ گھروں میں سہم کرہ گئے۔ معلوم ہوا ہے کہ فورسز نے اس پورے علاقے کو سیل کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے ایک وسیع علاقے کو سیل کرکے جگہ جگہ لائٹیں بھی نصب کیں ہیں۔ پولیس ذرائع نے شمال کشمیر کے ملہ پورہ وتر گام علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال ملی ٹینٹوں اور فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا۔آستان پورہ چوگام کولگام میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی ۔ ادھر دمہال پولیس اسٹیشن کے دوران پُراسر ار دھماکہ ہوا ۔ پولیس کے مطابق گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں غلط فہمی پیدا ہوئی کہ پولیس اسٹیشن پر گرنیڈ حملہ کیا گیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق پولیس اسٹیشن پر گرنیڈ حملے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے کولگام کے چوگام علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی ۔ مقامی ذرائع کے مطابق فوج ، پولیس اور پیر املٹری فورسز نے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ ذرائع کے مطابق فورسز نے کافی دیر تک علاقے کو محاصرے میں لیا تاہم اس دوران جنگجوﺅں اور فورسز کے درمیان آمنا سامنا نہیں ہوا جس کے بعد محاصرے کو اُٹھایا گیا۔ ادھر جمعہ بعد دوپہر دمہال ہانجی پورہ پولیس اسٹیشن کے نزدیک اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب زور دار دھماکہ کی آواز سنائی دی۔ پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن کے نزدیک کھڑی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں غلط فہمی پیدا ہوئی کہ دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ دمہال ہانجی پورہ پولیس اسٹیشن کے نزدیک کوئی دھماکہ نہیں ہوا اور اس سلسلے میں پھیلائی جانے والی افواہیں من گھڑت اور حقیقت سے بعید ہے۔