متھرا، 12 اپریل : نئی دہلی سے چنئی جا رہی تمل ناڈو ایکسپریس میں بم رکھے ہونے کی اطلاع پر ٹرین کو اترپردیش کے کوسی کلا اسٹیشن پر روک کر چیکنگ کرائی گئی، لیکن اس میں کچھ نہیں ملا اور ٹرین کو قریب دو گھنٹے بعد روانہ کیا گیا۔
گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) ذرائع نے جمعہ کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کی رات تقریبا آٹھ بجے دہلی سےچنئی جارہی تمل ناڈو ایکسپریس کے روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد نامعلوم شخص نے دہلی پولیس کو فون کر کے اطلاع دی کہ ٹرین کی نمبر 12622 کے بی ۔4 کوچ میں بم رکھا ہے اور کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریلوے پولیس کو جب اس کی اطلاع دی گئی اس وقت تک ٹرین دہلی سے کافی دور نکل چکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین متھرا اسٹیشن سے بھی نکل چکی تھی اور رات تقریبا 12 بجے ٹرین کو کوسی کلا اسٹیشن پر روکا گیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے علاوہ تحقیقاتی کتوں کی مدد سے سیکورٹی فورسز نے ڈبوں کی چیکنگ کی، لیکن انہیں وہاں کچھ نہیں ملا، بم رکھے ہونے کی اطلاع افواہ ثابت ہوئی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹرین میں بی ۔4 کوچ ہوتا ہی نہیں ہے۔ اس ٹرین میں صرف بی ۔1 اور بی ۔2 کوچ ہی ہوتے ہیں۔ تلاشی کے بعد ٹرین کو رات دو بجکر دس منٹ پر چنئی کے لئے روانہ کیا گیا۔ ٹرین روانہ ہونے پر حکام اور مسافروں نے راحت کی سانس لی۔
یو این آئی۔