ایشین میل نیوز ڈیسک
نئی دہلی:انتخابی تشہیر کے دوران فوج اور فوجیوں کی وردی کا استعمال کرنے پر کئی سابق فوجی افسران نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اس سلسلے میں سابق فوجی افسران نے صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کو ایک خط بھی لکھا ہے اور اپنا اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اس طرح کے اقدام پر کارروائی کی گزارش کی ہے۔
خط لکھنے والوں میں سابق فضائیہ سربراہ بھی شامل ہیں۔ یہ خط صدر جمہوریہ کے ساتھ ساتھ انتخابی کمیشن کو بھی بھیجا گیا ہے۔ دراصل بی جے پی لیڈروں کے ذریعہ کئی بار فوج، فوج کی وردی اور پلوامہ و بالاکوٹ جیسے واقعہ کا تذکرہ کر کے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش ہو رہی ہے۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تو ہندوستانی فوج کو ’مودی جی کی سینا‘ کہا تھا اور مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے بھی اس بیان کو اپنی تقریر کے دوران دہرایا تھا۔ حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ پی ایم نریندر مودی نے بھی گزشتہ دنوں اپنی ایک تقریر میں پلوامہ کا تذکرہ کیا تھا اور نئے ووٹروں سے مخاطب ہو کر پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنا پہلا ووٹ بہادر فوجیوں کے نام کر سکتے ہیں؟