جموں،: جموں و کشمیر کے اُدھمپور ضلع کے مجالتہ علاقے میں مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں نے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت دیکھنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ذرائع کے مطابق جموں و کشمیر پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ ٹیموں نے مجالتہ اور اس سے ملحقہ دیہات و جنگلاتی علاقوں کو گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ جنگلاتی پٹی میں خصوصی کمانڈوز کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں ڈرونز اور جدید نگرانی کے آلات کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ تاہم، آخری اطلاعات تک نہ تو کسی دہشت گرد سے آمنا سامنا ہوا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔
ادھر، پولیس نے مقامی آبادی سے اپیل کی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمی یا اجنبی شخص کو دیکھیں تو فوراً قریبی پولیس اسٹیشن یا سیکیورٹی فورسز کو اطلاع دیں۔ سیکیورٹی ایجنسیوں نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں جموں خطے کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی الرٹ میں اضافہ کیا گیا ہے، خاص طور پر بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول سے متصل علاقوں میں، تاکہ کسی بھی دراندازی یا دہشت گردانہ کارروائی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔
یو این آئی





