نئی دہلی، 10اپریل : کانگریس نے کہا کہ رافیل معاملہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے اس چوری پر پردہ ڈالنے کا وزیراعظم نریندر مودی کا کھیل ختم ہوگیا ہے اور یہ ثابت ہوگیا ہے کہ اس سودے میں مسٹر مودی نے ضابطوں کی خلاف ورزی کی ہے اس لئے ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہونی چاہئے۔
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہاکہ رافیل میں چوری کی پرتیں مسلسل کھل رہی ہیں اور اس جھوٹ پرپردہ ڈالنے کی مسٹر مودی کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عدالت سے کلین چٹ ملنے اور خفیہ دستاویزات کو عوام کے سامنے نہیں لانے کی دہائی دیکر مسٹر مودی بار بار جس پردہ کو اوڑ لیتے تھے سپریم کورٹ سے رافیل میں ملے پہلے انصاف کے بعد ان کا سہارا بھی ختم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رافیل پر جوتازہ دستاویز سامنے ہے مسٹر مودی اور ان کی حکومت نے اس پر خاموشی اختیار کرلی ہے اور ان کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں آیا ہے۔
سپریم کورٹ نے آج مرکزی حکومت کو کرارا دھچکہ دیتے ہوئے ’مخصوص اور خفیہ‘ دستاویزات پر مرکز کے خصوصی حق کے دعوے کو خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے دستاویز عدالت میں قابل قبول ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ سپریم کورٹ نے صاف طورپر کہا ہے کہ مسٹر مودی اپنی بدعنوانی کے ثبوتوں کو سرکاری خفیہ ایکٹ کا حوالہ دیکر اب سچائی کو چھپا نہیں سکتے ہیں اور نہ ہی وہ اب خود کو بچا سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ رافیل میں مسٹر مودی نے چوری کی ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے جانچ کی جانی چاہئے۔
جاری یو این آئی