جمعرات, جنوری ۲۳, ۲۰۲۵
2.5 C
Srinagar

جموں و کشمیر بینک کے زیرِ اہتمام بادام واری میں جشنِ بہار

سرینگر/ 8اپریل: سرینگر کے شہرِ خاص علاقہ کاٹھی دروازہ میں واقع تاریخی بادام واری میں جموں و کشمیر بینک نے 6اور 7اپریل کو دو روزہ جشنِ بہار منایا اور لوگوں کے اژدھام نے اس جشن کا بھر پور لطف اُٹھایا۔ "و.لہ= گژَھو بادَم وارِ ” نام سے منسوب جشنِ بہار میں لگ بھگ پچاس ہزار سے زائد لوگوں نے بادام واری کا رُخ کیا جس میں بچے، عورتیں اور نو جوان شامل تھے۔ سنیچر وار کو کھلی دھوپ میں تا ریخی ہاری پربت قلعے کے دامن میں واقع بادام واری میں اس دو روزہ جشن کا افتتاح بینک کے چیئرمین اور سر پرست اعلیٰ جناب پرویز احمد نے کیا جنکے ہمراہ بینک کے کئی پریزیڈنٹ، وائس پریزیڈنٹ، زونل ہیڈ اور کئی سینئر افسراں تھے۔ وشوا بھارتی سکول کے بچوں نے چیئرمین کا پرتپاک استقبال کیا اور اس موقع پر چیئرمین نے پارک میں لگے مختلف سٹالوں کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے خندہ پیشانی کے ساتھ سکولی بچوں اور سٹال مالکان سے بات چیت کی۔ فن و ثقافت سے جڑے مختلف سٹالوں کا دور ہ کرتے ہوئے چیئرمین میراث محل میوزیم سوپور کے فن پاروں سے نہایت متاثر ہوئے اور اس خواہش کا ظہار کیا کہ جموں و کشمیر بینک اس میراثی میوزیم کو بڑھاوا دینے اور کشمیری ثقافت سے جڑے انمول چیزوں کے تحفظ کیلئے خاطر خواہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ پارک میں لگے سینکڑوں بادام کے درختوں پر کھلے شگوفوں کا نظارہ اور ہر طرف سفید و گُلابی رنگ کے پھول دلفریب منظر پیش کر رہے ہیں۔ جشن کی خاص تقریب پارک میں موجود کُھلے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جہاں رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے جس میں مقامی فنکاروں نے سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے چیئرمین جناب پرویز احمد نے کہا کہ کشمیر میں بہار کا موسم خوشیوں اور امیدوں کی نوید لیکر آتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے بینک کے ساتھ یہاں کے لوگوں کی امیدیں وابستہ ہیں اور ہم گزشتہ اسی برسوں سے اُن امیدوں کی آبیاری کر رہے ہیں۔ بادام واری میں سالانہ جشن بہار منانے کا سلسہ ہم جاری رکھیں گے اور اس پارک کے رکھ رکھاو¿ میں ہم کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔ یہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے تحت ہمارا مشن ہے کہ ہم ریاست کے فن و ثقافت کی حفاظت کیلئے اپنا کردار بخوبی نبھائیں۔ہم بادام واری کو ایک بین الاقوامی سیاحتی مرکز بنانا چاہتے ہیں کیونکہ یہ پارک ہمارے میراث کا ایک اہم حصہ ہے۔جے کے بینک کی ترقی میں یہاں کی معاشی صورتحال ، ماحول اور سماجی ترقی خاص معنی رکھتے ہیں، لہٰذا ہم ان اہم شعبوں کی طرف کافی دھیان دے رہے ہیں۔ رنگا رنگ تقریب کے خطبہ استقبالیہ میں پریزیڈنٹ رجنی صراف نے کہا کہ جس طرح بینک اپنے نئے مالی سال کا آغار نئی امیدوں کے ساتھ اپریل مہینے سے کر رہاہے، اسی طرح اس مہینے میں بہار کا موسم ریاستی عوام کیلئے نئی امیدیں لیکر آتا ہے۔ بینک کے وائس پریزیڈنٹ کرن جیت سنگھ نے اپنے اختتامی کلمات میں اس پارک کے رکھ رکھاو¿ سے منسلک تمام شعبوں کا شکریہ ادا کیا۔ وادی کے جن نامور فنکاروں نے اس دو روزہ جشنِ بہار میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اُن میں عبد الرشید حافظ، محمد یعقوب ساز نواز، وحید جیلانی، منیر احمد میر، گلزار احمد گنائی، راجا بلال، عادل منظور شاہ، مشتاق ساز نواز اور عابد علی قابل ذکر ہیں۔ اسکے علاوہ وشوا بھارتی ہائر سیکنڈری اسکول، بلیو بیلز، کشمیر ہارورڈ اور مارس پبلک سکول کے بچوں نے جشن کے دوران رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ بادام واری کو آج سے ٹھیک گیارہ برس قبل جموں وکشمیر بینک نے بحال کرکے ماحول و ثقافت تحفظ پروگرام کے تحت ایک خوبصورت تفریح گاہ بنا یا ہے جس کا رکھ رکھاو¿ یہ بینک انجام دے رہاہے۔ سال 2008سے جے کے بینک نے سرینگر کی بادام واری کو نہایت خوبصورت پارک میں تبدیل کرکے اس کی شانِ رفتہ کو بحال کرنے میں کلیدی رول نبھایا ہے۔ اس پارک میں سینکروں بادام کے درختوں کے علاوہ طرح طرح کے پھول، کیاریاں اور ثقافت سے جڑی تعمیرات نصب ہیں جو یہاں ہر آنے والے سیاح کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ یہاں ڈیڑھ کلومیڑ مسافت کا جاگنگ ٹریک صبح کی سیر کرنے والوں کیلئے سب سے پسندیدہ جگہ ہے اور موسم بہار اور گرما میں یہاں آس پڑوس کے سینکروں لوگ صبح سویرے سیر کو آتے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img