کشمیر شاہراہ پر فوج وفورسزکانوائی کی نقل و حمل کیلئے دن نوٹیفائی

کشمیر شاہراہ پر فوج وفورسزکانوائی کی نقل و حمل کیلئے دن نوٹیفائی

ہر ہفتے کی ایتوار اور بدھوار کو صبح چار بجے سے شام پانچ بجے تک کوئی بھی سویلین ٹریفک نقل و حمل نہیں ہو گی

جموں :پارلیمانی انتخابات کے دوران قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی وسیع پیمانے پر نقل و حمل اور سیکورٹی فورسز کی کانوائی پر کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ حملے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے سرینگر سے جموں کیلئے حفاظتی دستوں کی کانوائی کو چلانے کی خاطر کچھ خاص دن مقرر کئے ہیں ۔ ان دنوں کے دوران قومی شاہراہ پر کسی بھی سویلین ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

اس فیصلے سے عام لوگوں کو پیش آنے والی مشکلات کے ازالے کیلئے حکومت نے ہفتے کے دو دن ، ایتوار اور بدھوار کو سیکورٹی فورسز کی کانوائی کیلئے مخصوص کیا ہے اور ان دو دنوں پر شاہراہ پر صبح چار بجے سے شام پانچ بجے تک سویلین ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ یہ پابندی بارہمولہ سے براستہ سرینگر ، قاضی گنڈ ، جواہر ٹنل ، بانہال اور رام بن ۔ اودھمپور تک عائد رہے گی ۔

حکومت نے مزید فیصلہ لیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اگر مقامی ٹریفک کو چلانا پڑے تو مقامی انتظامیہ اور پولیس اس سلسلے میں ضروری لوازمات پورا کرے گی جیسے کرفیو کے دوران کیا جاتا ہے ۔ یہ پابندیاں 31 مئی 2019 تک نافذ العمل رہیں گی ۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے پلوامہ حملے کے بعد کشمیر کا دورہ کر کے یہ اعلان کیا تھا کہ فورسز کی کانوائی کی نقل و حمل کے دوران سویلین ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اس دوران 30 مارچ کو بانہال میں سیکورٹی فورسز کی کانوائی پر حملے کی کوشش کی گئی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.