حیدرآباد:پب جی گیم نے ایک مہینہ کے اندر تلنگانہ ریاست میں تین نوجوانوں کی جان لے لی۔حیدرآباد کے ملکاجگیری ضلع کے وشنوپوری کالونی کے رہنے والے 16 سالہ دسویں جماعت کا طالب علم سامباشیوا نے پب جی گیم کھیلنے پر ماں کی ڈانٹ ڈپٹ کے بعد پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔
بتایا گیا ہے کہ سامباشیوا دسویں کے امتحانات لکھ رہا تھا اور کل اس کا آخری امتحان تھا ۔امتحان کی تیاری کے بجائے پب جی گیم میں مصروف رہنے پر سامباشیوا کو اس کی ماں نے ڈانٹا جس سے دل برداشتہ ہوکر ا س نے خودکشی کر لی۔چند دن قبل 21 مارچ کو تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے موضع راجا رام پلی سے تعلق رکھنے والا نوجوان بنڈہ ساگر جنوری کے مہینہ سے مسلسل پب جی گیم کھیل رہا تھا جس کی وجہ سے اس کی گردن کی رگیں اکڑ گئیں۔
تب سے اس کا علاج کروایا جا رہا تھا لیکن فائدہ نہیں ہوا اور اس کی موت ہوگئی۔ اسی طرح 10 مارچ کو سدی پیٹ ضلع کے گجویل میں پب جی گیم نے ایک طالب علم کی جان لے لی تھی۔ موضع پرگنیا پورسے تعلق رکھنے والا ڈگری کا طالب علم 18 سالہ سائی شرن کچھ دنوں سے پب جی گیم کھیل رہا تھا، بیٹے کی اس عادت سے پریشان ماں نے اسے ڈانٹا جس پردل برداشتہ طالب علم نے خودکشی کرلی تھی ۔یو این آئی