(یو این آئی)
جموں،جموں وکشمیر میں مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد سے لے کر اب تک چیف الیکٹورل آفیسر اور ضلع چناﺅ افسروں کو مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق مختلف حلقوں سے 182 شکایات موصول ہوئیں جن میں آن لائن ایپ سی ویجل کے ذریعے سے موصول ہوئیں 88 شکایات بھی شامل ہیں۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق اب تک کل موصول شدہ 182شکایات میں سے 123شکایات کو نمٹایا گیا ہے جبکہ مزید 59 شکایات زیر غور ہے۔
اسی طرح الیکشن کمیشن آف انڈیا کے آن لائن سٹیزن پورٹل سی ویجل کے ذریعے سے ملی 88شکایات میں سے 61شکایات کو چھوڑ دیا گیا ، 22کو نمٹایا اور 5شکایات زیر غور ہے۔
مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تعلق سے حکام نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 6ایف آئی آر درج کئے، 24ملازمین کو معطل کردیا، 36غیر قانونی ہتھیار برآمد کئے علاوہ ازیں 19.68 لاکھ روپے نقدی اور 1887 لیٹر شراب ضبط کئے۔
کمیشن کے آن لائن سیٹزن پورٹل سی ویجل کے ذریعے سے مثالی ضابطہ اخلاق سے متعلق شکایات کے علاوہ اخراجات کی خلاف ورزی مثلاً شراب ، نشیلی ادویات اوررقومات کی تقسیم کاری کے علاوہ رقومات کے بدلے خبریں، منافرت والی تقریریں، مفت ٹرانسپورٹیشن ،جعلی خبریں اور دیگر معاملات کے حوالے سے آن لائن شکایات درج کرائی جاتی ہیں۔
لوگ مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق شکایات درج کرانے کے لئے اس ذریعے کا استعمال کر سکتے ہیں اور الیکشن حکام ان شکایات پر پوری کارروائی عمل میں لاتے ہیں۔