منگل, نومبر 17, 2026
11.7 C
Srinagar

معاشی طور کمزور طبقوں کے بچوں کے لیے تعلیم،نجی سکولوں میں 25فیصد ریزرویشن کا فیصلہ بہت جلد: وزیر تعلیم

درگمولہ جاکر کمسن طالبہ کے سوگواران کے لئے 8لاکھ کی امدادی چکیں پیش
ایشین میل نیوزڈیسک

سرینگر: حکومت جموں و کشمیر نجی اسکولوں میں داخلے کی ابتدائی سطح پر معاشی طور پر کمزور طبقوں (ای وی ایس) اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لئے 25 فیصد نشستیں مختص کرنے کی شق پر جلد عمل درآمد کرنے جا رہی ہے۔ یہ اقدام حقِ تعلیم ایکٹ (آر ٹی ای) کی دفعہ 12(1)(c) کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد تعلیمی میدان میں مساوات کو فروغ دینا اور غریب و پسماندہ خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔اس بات کا اعلان وزیر برائے اسکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم اور جل شکتی، حکومت جموں و کشمیر، ایڈووکیٹ شمیم فردوس نے محکمہ اسکولی تعلیم کے اعلیٰ افسران، نجی اسکولوں کی انجمنوں، والدین کی انجمنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ ایک تفصیلی جائزہ میٹنگ کے دوران کیا۔
وزیر نے بتایا کہ آر ٹی ای ایکٹ کی دفعہ 12(1)(c) پر عمل درآمد سے متعلق قواعد کی تیاری آخری مرحلے میں ہے اور انہیں بہت جلد نوٹیفائی کیا جائے گا۔ اس شق کے تحت نجی اسکولوں میں داخلے کی مقررہ ابتدائی نشستوں میں سے 25 فیصد نشستیں ای ڈبلیو ایس اور پسماندہ طبقوں کے اہل بچوں کے لئے مختص ہوں گی۔ ان بچوں کی مفت اور لازمی تعلیم پر آنے والے قابلِ قبول اخراجات حکومت کی جانب سے مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق اسکولوں کو ادا کئے جائیں گے۔اس اقدام سے تعلیمی میدان میں سماجی شمولیت کو فروغ ملنے اور معاشی طور پر کمزور و پسماندہ خاندانوں کے بچوں کو نجی اسکولوں میں بھی معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔میٹنگ میں کمشنر سیکریٹری اسکولی تعلیم آر این شرما، چیئرمین جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) شیخ غلام حسن، ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی اور ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نسیم جاوید چودھری، ڈائریکٹر سماگرہ شکشا بھوانی رکھوال، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر نصیر احمد وانی کے علاوہ دیگر افسران اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تعلیمی نظام بہتر تعلیمی نتائج اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لئے مسلسل ارتقائی مراحل سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ معیاری تعلیم کو یقینی بنانے، والدین کے مفادات کے تحفظ اور بچوں میں تجسس، تخلیقی صلاحیتوں اور آزادانہ سوچ کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کریں۔
نجی اسکولوں میں نصابی کتابوں سے متعلق اہم فیصلے:میٹنگ میں نجی اسکولوں کی جانب سے تجویز کردہ نصابی کتابوں کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ جے کے بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (JKBOSE) سے منسلک نجی اسکولوں کو جے کے بورڈ کا نصاب اختیار کرنا ہوگا اور ایسی نصابی کتابیں تجویز کرنی ہوں گی جن کا مواد این سی ای آر ٹی (NCERT) کے نصاب سے ہم آہنگ ہو۔وزیر نے واضح کیا کہ طلبہ پر غیر ضروری اضافی اور ضمنی کتابوں کا بوجھ نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی (NEP) 2020 کا بنیادی مقصد متوازن، لچکدار اور بچوں کی ضروریات پر مبنی تعلیمی نظام کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم والدین کے لئے غیر معمولی مالی بوجھ اور طلبہ کے لئے غیر ضروری تعلیمی دباو¿ کا سبب نہیں بننی چاہیے۔ اسی لئے نجی اسکولوں کو اضافی کتابیں اور تعلیمی مواد تجویز کرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی۔وزیر نے کہا کہ اگر اضافی تعلیمی وسائل کی ضرورت ہو تو اسکولوں کو چاہیے کہ وہ والدین کو مزید کتابیں خریدنے پر مجبور کرنے کے بجائے لائبریریوں، بک بینک، ای بکس اور دیگر ڈیجیٹل تعلیمی ذرائع کے ذریعے طلبہ کو یہ سہولیات فراہم کریں۔وزیر نے کتابوں کی مبینہ طور پر غیر معمولی قیمتوں پر فروخت سے متعلق شکایات کا بھی نوٹس لیا اور کہا کہ ان معاملات کو سنجیدگی سے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کتابوں کا غیر ضروری اور حد سے زیادہ بوجھ کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور توجہ بامقصد تعلیم اور طلبہ کی مجموعی ترقی پر مرکوز رہنی چاہیے۔
یونیفارم اور دیگر تعلیمی سامان کی خریداری میں والدین کو آزادی:میٹنگ میں اسکول یونیفارم، نوٹ بکس، لکھنے کے سامان اور دیگر تعلیمی ضروریات سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔وزیر موصوفہ نے واضح کیا کہ ان اشیاءکی خریداری کو اسکولوں کے احاطے میں موجود مخصوص دکانوں یا چند منتخب دکانداروں تک محدود نہیں رکھا جانا چاہیے۔ والدین کو یونیفارم، کتابیں، نوٹ بکس اور لکھنے کا دیگر سامان اپنی پسند کے کسی بھی دکاندار سے خریدنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے، تاکہ انہیں غیر ضروری پابندیوں اور مالی دباو¿ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی اولین ترجیح طلبہ کی تعلیمی ترقی، تخلیقی صلاحیتوں، تنقیدی سوچ اور ہمہ جہت نشوونما ہونی چاہیے، نہ کہ صرف نصابی کتابوں اور اضافی تعلیمی مواد پر غیر ضروری انحصار۔آر ٹی ای ایکٹ کی دفعہ 12(1)(c) پر مجوزہ عمل درآمد اور تعلیمی مواد کی تجویز و خریداری کو منظم کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات، معیاری تعلیم کو مزید قابلِ رسائی، کم خرچ اور سب کے لئے یکساں مواقع پر مبنی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
درگمولہ جاکر کمسن طالبہ کے سوگواران کے لئے 8لاکھ کی امدادی چکیں پیش: وزیر تعلیم ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس نے آج شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے درگمولہ جاکر وہاں سکول کی دیوار ڈیہہ جانے سے لقمہ اجل بنی تیسری جماعت کی طالبہ غازیہ پرویز دختر پرویز احمد نجارکے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ شمیمہ فردوس نے غازیہ کے اہل خانہ کیساتھ شریک غم ہونے کا اظہار کیا اور تحقیقات کرکے خاطیوں کو قرارواقعی سزا دی جائے گی۔ اس موقعے پر انہوں نے مرحومہ کے والدین کو 8لاکھ روپے کی امداد فراہم کی، جس میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے دو لاکھ، ضلع انتظامیہ کی طرف سے ایک لاکھ اور وزارتِ تعلیم کی طرف سے 5لاکھ شامل ہے۔ شمیمہ فردوس نے اس موقعے پر اعلان کیا مذکورہ سکول کو فوری طور پر ہائرسکینڈری سکول میں منتقل کیا جائے گا اور یہاں پر نئی عمارت تعمیر کی جائے گی اور ساتھ ہی ایسی تمام سکولی خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کی جائیگی، جن کو خطرات لاحق ہیں اور یہاں پر نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ سکولوں تک سڑکوں کی تعمیر بھی عمل میں لائی جائے گی۔اُن کے ہمراہ ڈاکٹر سکول ایجوکیشن اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام بھی تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img