منگل, نومبر 17, 2026
16.7 C
Srinagar

غذائی ملاوٹ، اخلاقی زوال اور اجتماعی ذمہ داری کے موضوع پر متحدہ مجلس علماء کا مشترکہ خطبۂ جمعہ دینے کا فیصلہ

سرینگر، 17 نومبر: متحدہ مجلس علماء جموں و کشمیر (MMU) نے میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی سربراہی میں فیصلہ کیا ہے کہ اس آنے والے جمعہ کو جموں، کشمیر اور لداخ کی مساجد میں ’’غذائی ملاوٹ، اخلاقی زوال اور اجتماعی ذمہ داری‘‘ کے موضوع پر مشترکہ خطبۂ جمعہ دیا جائے گا۔ یہ اقدام معاشرے کو درپیش اہم سماجی اور اخلاقی مسائل کے حوالے سے مربوط دینی رہنمائی فراہم کرنے کی مجلس کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

تحریری بیان کے مطابق اس سلسلے میں آج تاریخی جامع مسجد سرینگر کے اوقاف دفتر میں متحدہ مجلس علماء کی خطبۂ جمعہ سے متعلق مشاورتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجوزہ خطبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور خطبے کے مندرجات کو حتمی شکل دی گئی۔

متحدہ مجلس علماء نے غذائی اشیاء میں ملاوٹ کے مسلسل سامنے آنے والے واقعات، بالخصوص حالیہ دنوں میں بڑی مقدار میں سڑا ہوا اور بوسیدہ گوشت ضبط کیے جانے، نیز جموں و کشمیر میں غیر محفوظ، غیر معیاری اور مضرِ صحت غذائی اشیاء کی فروخت سے متعلق اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان تشویشناک انکشافات نے جہاں عوامی صحت کو لاحق خطرات کو اجاگر کیا ہے، وہیں تجارتی معاملات میں اخلاقی اقدار کے زوال اور غذائی تحفظ کے لیے موجودہ نظام کی مؤثریت پر بھی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

مجلس نے فیصلہ کیا کہ مشترکہ خطبۂ جمعہ میں عوامی بیداری، اجتماعی ذمہ داری، حکومتی جوابدہی اور غذائی تحفظ سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں عوام کو ان اہم مسائل کے تئیں حساس بنانے اور معاشرے کے ہر طبقے کو اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، احساسِ جوابدہی اور اخلاقی شعور کے ساتھ ادا کرنے کی تلقین بھی کی جائے گی۔

مشاورتی کمیٹی کے اس اجلاس میں مولانا شوکت حسین کینگ، آغا سید محمد حسین صفوی، مولانا اخضر حسین، مفتی مدثر احمد قادری، مفتی قاضی توفیق عمر ندوی، مفتی عبدالرحمان کھانڈے، قاری محمد اسلم رحیمی، مفتی غلام رسول ساموں اور مجلس کے سیکریٹری مولانا ایم ایس رحمن شمس نے شرکت کی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img