سری نگر، 17 نومبر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے لارو علاقے میں پیر کو سیکورٹی فورسز نے تصادم میں عمر نثار ڈار نامی ایک مقامی دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جو گزشتہ ہفتے ہی دہشت گردوں کی صفوں میں شامل ہوا تھا۔ اطلاعات کے مطابق لشکر طیبہ کے کمانڈر لطیف بٹ کی تلاش جاری ہے۔ مارے گئے دہشت گرد کی شناخت کے بارے میں اب تک کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ڈار کولگام کے آری گاؤں کا رہنے والا تھا اور روٹی بنانے کا کام کرتا تھا۔ وہ 10 نومبر سے گھر سے لاپتہ تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی عمر 19 سال تھی۔ اس کے اہل خانہ نے پولیس اسٹیشن کولگام میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ اہلکاروں اورذرائع کے حوالے سے اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ڈار لطیف بٹ کا ساتھی تھا، جسے لشکر طیبہ کے فرنٹ دی رزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) کا ہینڈلر بتایا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈار 11 نومبر کو آکھرن میں ہونے والے حملے کے فوراً بعد ٹی آر ایف میں شامل ہو گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ ڈار مبینہ طور پر گزشتہ پانچ چھ ماہ سے بٹ کو پناہ اور لاجسٹک مدد فراہم کررہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ 10 اور 11 نومبر کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش کاروں نے دونوں کی شناخت میر بازار، آکھرن، ہبلش اور کلم سمیت کئی مقامات پرکی ہے، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر ریکی کی اور حملے کے بعد فرار ہو گئے۔

Photo:UNI
تصادم اس وقت شروع ہوا جب پیر کو جموں و کشمیر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے لارو علاقے میں محاصرہ اور تلاشی کارروائی شروع کی اور دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر سجیت کمار پیر کو جائے وقوع پر پہنچے اور جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق علاقے کا محاصرہ برقرار ہے اور ایک اور دہشت گرد کے وہاں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ لطیف بٹ کا سراغ لگانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
یہ کارروائی 11 نومبر کو میر بازار کے قریب نوپورہ آکھرن میں ہونے والے حملے کے بعد شروع کی گئی، جب دہشت گردوں نے ایک ناکے پر تعینات سی آر پی ایف کی پارٹی پر فائرنگ کی تھی۔ فورس کی 46 ویں بٹالین کے تین اہلکار زخمی ہوئے تھے، جبکہ حملہ آور فرار ہو گئے تھے۔
اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بٹ اس سال کے دوران ہونے والے کچھ حملوں میں بھی مبینہ طورپرملوث تھا، جن میں 22 جولائی کو امرناتھ یاترا کی ڈیوٹی پر تعینات جموں و کشمیر پولیس کے ایک اہلکار کی ہلاکت اور 31 جولائی کو کولگام میں چھتیس گڑھ کے دو مہاجر مزدوروں کا قتل شامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 22 جولائی کے حملے کی ذمہ داری ٹی آر ایف نے قبول کی تھی۔

Photo:UNI
دریں اثنا، کولگام میں فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کا مشترکہ تلاشی آپریشن ساتویں دن میں داخل ہو گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے کئی علاقوں میں تلاشی مہم تیز کر دی ہے اور لوگوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں سخت چوکسی برقرار رکھی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار




