منگل, نومبر 17, 2026
11.1 C
Srinagar

سری نگر میں اکتوبر تک آتشزدگی کے 493 واقعات رونما، گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی: ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز

موسم سرما کے پیش نظر حفاظتی ایڈوائزری جاری، ہیٹنگ آلات، ایل پی جی بخاریوں اور کانگڑیوں کے استعمال کے دوران احتیاط برتنے کی اپیل

سری نگر، 17 نومبر: وادی کشمیر میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی سری نگر ضلع میں رواں سال اکتوبر تک آتشزدگی کے 493 واقعات پیش آئے ہیں، تاہم گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ان واقعات میں کمی درج کی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے منگل کے روز کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کشمیر عاقب حسین میر نے سری نگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے موسم سرما کے پیش نظر آگ سے بچاؤ کے لیے جامع حفاظتی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہیٹنگ آلات، ایل پی جی بخاریوں، کانگڑیوں اور الیکٹرک کمبلوں کے استعمال کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

عاقب حسین میر نے کہا کہ رواں سال سری نگر میں آتشزدگی کے واقعات کی تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں کم رہی ہے۔انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ صرف مستند ڈیلروں سے معیاری اور آئی ایس آئی نشان والے ہیٹنگ آلات خریدیں، جبکہ پرانے آلات استعمال کرنے سے قبل مستند اور تربیت یافتہ تکنیکی ماہرین سے ان کی جانچ اور مرمت کروائیں۔

ایل پی جی بخاریوں کے حوالے سے انہوں نے مناسب ہوا کی آمدورفت (وینٹی لیشن) کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ان کا غیر محتاط استعمال کاربن مونو آکسائیڈ گیس کے اخراج اور زہر خورانی کا سبب بن سکتا ہے، جس سے صحت کے سنگین مسائل پیدا ہونے کے علاوہ انسانی جان بھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ کانگڑیوں کو پردوں، بستروں، کپڑوں اور دیگر آتش گیر اشیاء سے دور رکھیں اور انہیں کبھی بھی جلتی ہوئی حالت میں بغیر نگرانی کے نہ چھوڑیں۔

الیکٹرک کمبلوں کے استعمال سے متعلق محکمہ نے خبردار کیا کہ انہیں گیلی جگہوں پر نہ رکھا جائے اور نہ ہی گرم پانی کی بوتلوں کے ساتھ استعمال کیا جائے، کیونکہ بجلی کا رساؤ شارٹ سرکٹ اور جھلسنے کے واقعات کا سبب بن سکتا ہے۔ لوگوں کو سونے سے قبل الیکٹرک کمبل بند کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ نے گھروں میں خشک گھاس، چارہ اور کوئلہ رہائشی عمارتوں کی چھتوں یا بالائی حصوں میں ذخیرہ کرنے سے بھی گریز کرنے کی اپیل کی ہے، کیونکہ یہ اشیاء آگ پھیلنے کی رفتار میں اضافہ کر سکتی ہیں۔

اس کے علاوہ محکمہ نے ہر گھر میں کم از کم ایک معیاری 5 سے 6 کلو گرام وزنی ڈرائی کیمیکل پاؤڈر (ڈی سی پی) فائر ایکسٹنگوشر رکھنے اور اہل خانہ کو اس کے استعمال کے طریقہ کار سے واقف کرانے کی سفارش کی ہے۔

عاقب حسین میر نے لوگوں سے اپیل کی کہ آگ لگنے کی کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 101 نمبر پر رابطہ کریں یا مدد کے لیے اپنے قریبی فائر اسٹیشن سے رجوع کریں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img