منگل, نومبر 17, 2026
11.1 C
Srinagar

سردی کی شدت میں اضافہ، سری نگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ

پہلگام منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ وادی کا سرد ترین مقام، شوپیاں میں منفی 3.6 ڈگری ریکارڈ، وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے

سری نگر، 17 نومبر: وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جسکے نتیجے میں وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا۔

سری نگر میں رواں موسم کے دوران پہلی مرتبہ کم سے کم درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے درج کیا گیا، جہاں پارہ منفی 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ وہیں پہلگام منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ وادی کا سرد ترین مقام رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ کیا گیا۔مشہور سیاحتی مقام اور اسکی ریزورٹ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ اور کونبل میں پارہ منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ کپواڑہ میں منفی 0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کوکرناگ وادی کا واحد بڑا موسمیاتی مرکز رہا جہاں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے اوپر یعنی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔

وادی کے مختلف علاقوں میں قائم خودکار موسمیاتی اسٹیشنوں (اے ڈبلیو ایس ) سے موصولہ اعداد و شمار کے مطابق سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ شوپیاں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پلوامہ میں منفی 2.3 ڈگری اور سونہ مرگ میں منفی 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا۔

اسی طرح بڈگام میں منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ، اننت ناگ میں منفی 0.9 ڈگری، اونتی پورہ میں منفی 0.8 ڈگری، گاندربل میں 0.1 ڈگری، بانڈی پورہ میں 0.3 ڈگری اور بارہمولہ میں 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر جموں صوبے میں بھدرواہ سرد ترین مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 1.9 ڈگری کم تھا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ درج کیا گیا، جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے، جبکہ کٹرہ میں پارہ 10.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

بانہال، بٹوت اور کٹھوعہ میں بالترتیب 9.8، 6.9 اور 11.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے کسی بھی موسمیاتی مرکز پر بارش یا برف باری ریکارڈ نہیں کی گئی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img