جموں، 17 نومبر:جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ نے کشتواڑ کے دچھن علاقے میں دو ایس پی اوزکی ہلاکت کے معاملے پرایک بارپھر وضاحت پیش کرتے ہوئے واقعے کی مذمت کی اور بی جے پی پر اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔
طارق حمید قرہ نے ایک بیان میں کہا کہ کانگریس دونوں جوانوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتی ہے، تاہم بی جے پی اس واقعے کو فرقہ وارانہ رخ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے سابقہ بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے اور حقائق کو نظرانداز کرکے ایک نیا بیانیہ قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ قرہ نے اپنے پہلے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کانگریس کے کشتواڑ ضلع صدر سے موصول ہونے والی ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں ایس پی اوزشکار کے لیے گئے تھے اور واپسی کے دوران ممکنہ طورپرفوجی اہلکاروں نے انہیں عام شہری لباس میں دیکھ کردہشت گرد سمجھ لیا اورفائرنگ کردی۔ تاہم انہوں نے اس پہلوکوایک ممکنہ صورت حال قرار دیتے ہوئے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
طارق حمید قرہ کے اس بیان پر بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہرکیا تھا۔ بی جے پی رہنماؤں نے ان کے دعوے کوغیرمصدقہ، غیرذمہ دارانہ اورفوج کے حوصلے کومتاثر کرنے والا قراردیتے ہوئے ان سےغیرمشروط معافی مانگنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ بی جے پی کے متعدد سنئیررہنماؤں نے قرہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بغیرحقائق کی تصدیق کے فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور کردارپرسوال اٹھانا درست نہیں۔
دونوں جماعتوں کے درمیان یہ بیان بازی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دچھن میں دو ایس پی اوز کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات اورسیکورٹی آپریشن جاری ہے۔تاہم پولیس کی جانب سے اب ضمن میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ہ س





