1995 بیچ کے آئی اے ایس افسر انتظامی امور کا وسیع تجربہ اور پالیسی سازی میں مہارت رکھتے ہیں
سری نگر، 17 نومبر: جموں و کشمیر کے نامزد چیف سیکریٹری ڈاکٹر سجن سنگھ یادو بدھ کے روز باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے والے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر یادو آج جموں و کشمیر پہنچنے کی توقع ہے، جس کے بعد وہ بدھ کے روز باضابطہ طور پر چیف سیکریٹری کا عہدہ سنبھالیں گے۔
ذرائع کے مطابق، ’’ان سے توقع تھی کہ وہ اتل ڈلو کے سبکدوش ہونے کے فوراً بعد عہدے کا چارج سنبھال لیں گے، تاہم دہلی حکومت نے مرکزی حکومت سے درخواست کی تھی کہ انہیں 16 نومبر تک وہیں خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی جائے، کیونکہ ان کی سربراہی میں دہلی جل بورڈ تہواروں کے موسم کے دوران پانی کی فراہمی کے انتظامات کو یقینی بنانے میں مصروف تھا۔‘‘
1995 بیچ کے آئی اے ایس افسر ڈاکٹر سجن سنگھ یادو اپنے ساتھ انتظامی امور کا کئی دہائیوں پر محیط وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے مختلف ریاستوں اور انتظامی خطوں میں اہم ذمہ داریاں انجام دی ہیں۔
اپنے طویل انتظامی کیریئر کے دوران انہوں نے اروناچل پردیش، میزورم، دہلی، دادر و نگر حویلی، دمن و دیو کے علاوہ مرکزی حکومت میں بھی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔وہ اروناچل پردیش کے مشرقی کامینگ اور توانگ اضلاع کے علاوہ جنوبی دہلی میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔
مرکزی حکومت میں تعیناتی کے دوران انہوں نے کئی اہم وزارتوں میں خدمات انجام دیں، جن میں وزارت خزانہ، وزارت صحت و خاندانی بہبود، وزارت خواتین و اطفال کی ترقی، وزارت بھاری صنعتیں اور وزارت کارپوریٹ امور شامل ہیں۔انہوں نے اپنے انتظامی کیریئر کا ایک بڑا حصہ مرکزی وزارت خزانہ میں گزارا ہے۔
ڈاکٹر یادو کو عوامی پالیسی اور انتظامیہ کے شعبوں میں مضبوط تعلیمی پس منظر بھی حاصل ہے۔ انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے ایم بی اے، یونیورسٹی آف مینیسوٹا سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری اور لندن اسکول آف ہائیجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن سے پبلک ہیلتھ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔
انتظامی ذمہ داریوں کے علاوہ ڈاکٹر یادو کو تصنیف و تالیف سے بھی گہری دلچسپی ہے۔ انہوں نے دو کتابیں بھی تحریر کی ہیں، جن کے عنوانات ’’انڈیا’ز ویکسین گروتھ اسٹوری: فرام کاؤ پاکس ٹو ویکسین میتری‘‘ اور ’’اسکیلنگ ماؤنٹ یو پی ایس سی: 7 آئی اے ایس آفیسرز جرنیز‘‘ ہیں۔
(کے این او)





