جموں، 13 نومبر: جموں و کشمیر اسمبلی کی ایسٹیمیٹس کمیٹی کے چیئرمین نذیر احمد خان گُریزی نے دور دراز اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ ان علاقوں میں جلد ٹیلی میڈیسن خدمات شروع کی جائیں تاکہ خراب موسمی حالات میں بھی مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت دستیاب ہو سکے۔
محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کے اسپتالوں اور طبی مراکز میں ضروری ادویات، جدید طبی آلات، تشخیصی سہولیات اور ماہر طبی عملے کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں خالی اسامیوں کو پر کرنے، منظور شدہ اسامیوں اور گزیٹڈ و نان گزیٹڈ ملازمین کی دستیابی کے علاوہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں طبی عملے کی مناسب تعیناتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین شام لال شرما، بلونت سنگھ منکوٹیا، علی محمد ڈار، مشتاق گرو، ارشاد رسول کار، سجاد شاہین اور سنیل بھاردواج بھی موجود تھے۔





