جموں: جموں شہر کو کلین ہمالین سٹی زمرے میں ملک بھر میں دوسرا مقام حاصل ہونے کے باوجود شہر کی کئی تنگ گلیوں، نالوں اور خالی پلاٹوں میں پڑے کچرے کے ڈھیر صفائی کے دعوؤں کی قلعی کھول رہے ہیں۔ اس صورتحال کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے جموں میونسپل کارپوریشن نے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہر کی مرکزی سڑکوں پر صفائی کا انتظام اگرچہ نظر آتا ہے، تاہم کئی اندرونی اور تنگ گلیوں میں کچرا باقاعدگی سے نہ اٹھائے جانے کے باعث گندگی جمع رہتی ہے۔
باہو فورٹ کے وارڈ نمبر 47 کے مہاشا محلہ اور راجیو کالونی سمیت متعدد علاقوں کے مکینوں کو اس مسئلے کا سامنا ہے۔ بعض مقامات پر صفائی گاڑیوں کی رسائی نہ ہونے اور ملازمین کی مبینہ غفلت کو اس کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب شہریوں کی جانب سے بھی صفائی کے اصولوں پر عمل نہ کرنا ایک بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ متعدد گھروں میں گیلا اور خشک کچرا الگ الگ جمع نہیں کیا جاتا، جبکہ بعض لوگ گھریلو کچرا نالوں اور خالی پلاٹوں میں پھینک دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں گندگی پھیلنے کے ساتھ نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔
اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے میونسپل کارپوریشن نے اب سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے ہر گھر سے گیلا اور خشک کچرا الگ الگ جمع کرنے کے نظام کو سختی سے نافذ کیا جائے گا جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں اور کھلی جگہوں پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ تنگ گلیوں اور محلوں سے روزانہ کچرا اٹھانے کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ افسران اور سپروائزروں کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
جموں میونسپل کارپوریشن کے جوائنٹ کمشنر عبد الستار نے کہا کہ کلین ہمالین سٹی زمرے میں ملک بھر میں دوسرا مقام حاصل کرنا جموں کے لیے باعث فخر ہے، تاہم صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سوچھتا سروے میں بہتر مقام حاصل کرنے کے لیے ہر گھر سے گیلا اور خشک کچرا الگ الگ جمع کرنے کو لازمی بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ افسران کو وارڈ سطح پر خصوصی بیداری مہم چلانے اور ہر گلی محلے سے باقاعدگی کے ساتھ کچرا اٹھانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے باوجود اگر کوئی شخص نالوں، خالی پلاٹوں یا کھلی جگہوں پر کچرا پھینکتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔




