شوپیان،11 نومبر: شوپیان پولیس نے سیب چوری کے ایک معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واردات میں استعمال کی گئی 3 گاڑیاں ضبط کرکے چوری کیے گئے سیبوں کے 83 ڈبے برآمد کر لیے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق شام کے اوقات میں پولیس اسٹیشن ہیرپورہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ امشی پورہ کے رہنے والے محمد یوسف وگے ولد عبدالکریم وگے کے باغ اور شیڈ سے سیبوں کے ڈبے چوری کیے گئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے پولیس سے مدد طلب کی۔
اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اسٹیشن ہیرپورہ کی ایک ٹیم فوری طور پر حرکت میں آگئی اور مقامی لوگوں کے تعاون سے جائے واردات سے کچھ ہی فاصلے پر تین ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو روک لیا۔ بتایا گیا کہ ملزمان سیبوں کے ڈبے چوری کرکے گاڑیوں میں لوڈ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو رہے تھے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران ساتوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کی شناخت گلزار احمد ملا ولد غلام رسول ملا ساکن گٹی پورہ کیلر، ریاض احمد لون ولد محمد اشرف لون ساکن گٹی پورہ کیلر (ڈرائیور، ٹاٹا موبائل نمبر JK04G-5507)، مزمل احمد وانی ولد علی محمد وانی ساکن تھرینہ کیلر، عاشق حسین لون ولد بشیر احمد لون ساکن زرکان کیلر (ڈرائیور، ٹاٹا موبائل نمبر JK13H-8514)، عمر حسین وانی ولد محمد اشرف وانی ساکن تھرینہ کیلر، تہذیل احمد لون ولد بشیر احمد لون ساکن زرکان کیلر اور شاہد احمد وانی ولد محمد اشرف وانی ساکن تھرینہ کیلر کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کارروائی کے دوران چوری کیے گئے سیبوں کے 83 ڈبے برآمد کیے گئے، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی تینوں گاڑیوں کو بھی ضبط کر لیا گیا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ہیرپورہ میں ایف آئی آر نمبر 126/2026 کے تحت متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
شوپیاں پولیس نے شہریوں کی املاک کے تحفظ اور جرائم پیشہ سرگرمیوں کے خلاف فوری کارروائی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع قریبی پولیس تھانے یا پولیس چوکی کو دیں۔





