جمعرات, نومبر 12, 2026
15.9 C
Srinagar

بالائی علاقوں میں برفباری، میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری؛ کشمیر میں جمعہ تک خراب موسم برقرار رہنے کا امکان

سرینگر، 12 نومبر: وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب شروع ہونے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ جمعرات کو بھی وقفے وقفے سے جاری رہا، جس کے نتیجے میں کئی علاقوں میں موسم سرد ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے مژھل علاقے میں واقع گاؤں کٹواڑی میں بھی تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاری مغربی ہواؤں کے نتیجے میں علاقے کے بالائی مقامات نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جموں صوبے کے بعض علاقوں، خصوصاً پونچھ میں درمیانی سے شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ کپواڑہ، بانڈی پورہ اور گاندربل کے بالائی اور اونچائی والے علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

موسمی صورتحال کے پیش نظر بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے، جس سے معمولاتِ زندگی اور پہاڑی علاقوں میں سڑک رابطے متاثر ہوسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں، مسافروں اور کسانوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے سفر سے قبل موسم کی تازہ صورتحال اور سرکاری ایڈوائزری پر نظر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں اور بلند مقامات کی جانب سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔

کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش اور برفباری کے پیش نظر اپنی کٹی ہوئی فصلوں اور زرعی پیداوار کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

مجموعی طور پر مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر جموں و کشمیر میں جمعہ تک موسم غیر مستحکم رہنے اور مختلف علاقوں میں بارش و برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img