ریاسی، 14 ستمبر: جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں پیر کے روز پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں دو شخص ہلاک، متعدد افراد زخمی جبکہ سلال ڈیم کے علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
پہلے واقعے میں بکل ٹنل کے قریب ایک مسافر میٹاڈار گاڑی سڑک پر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں دو مسافر ہلاک جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق رجسٹریشن نمبر JK14B-2973 والی میٹاڈار بکل سے ریاسی کی جانب جارہی تھی کہ ٹنل کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ حادثے میں دو افراد ہلاک ہوا، جبکہ زخمیوں کی صحیح تعداد اور ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر معلومات دستیاب نہیں ہوسکیں۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
سلال ڈیم سے لاش برآمد
دریں اثنا، ضلع ریاسی کے سلال ڈیم کے علاقے سے ایک لاش بھی برآمد ہوئی۔ حکام کے مطابق مقامی لوگوں نے ڈیم کے علاقے میں لاش دیکھنے کے بعد متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔
حکام نے بتایا کہ لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ متوفی کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔





