اننت ناگ، 12 ستمبر: اننت ناگ پولیس نے ہفتے کے روز ضلع کے واگہامہ علاقے میں منشیات فروشی کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے 20 مقامات پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن (کارڈن اینڈ سرچ آپریشن) کیا۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ مربوط کارروائی کے دوران 13 مشتبہ منشیات فروشوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کا مقصد منشیات کی غیر قانونی تجارت میں ملوث مقامی نیٹ ورکس کی نشاندہی کرکے انہیں ختم کرنا اور منشیات کی سپلائی چین میں خلل ڈالنا تھا۔
اہلکار کے مطابق یہ کارروائی ضلع میں منشیات فروشی میں ملوث افراد اور نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اننت ناگ پولیس نے غیر قانونی منشیات کی تجارت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رکھنے کا اعادہ کیا ہے اور منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے اور نوجوانوں کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسی کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی۔





