ڈوڈہ، 12 ستمبر: ڈوڈہ ضلع کے سیوج دھر دیوشیتر علاقے میں سکیورٹی فورسز نے ہفتے کے روز جیشِ محمد (JeM) سے وابستہ ایک مشتبہ دہشت گرد کی گل سڑی لاش اور ایک M4 رائفل برآمد کی۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے ہفتے کے روز دیوشیتر کے علاقے میں ایک مشتبہ گل سڑی لاش اور اس کے قریب M4 رائفل پڑی ہونے کی اطلاع دی۔
پولیس افسر کے مطابق اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز علاقے میں پہنچ گئیں اور متوفی کی شناخت سمیت دیگر متعلقہ تفصیلات معلوم کرنے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ SOG ڈوڈہ، راشٹریہ رائفلز (RR) اور CRPF نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے جیشِ محمد کے ایک دہشت گرد کی باقیات برآمد کی ہیں، جسے اس سے قبل ایک مشترکہ کارروائی کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔
پولیس نے اپنی پوسٹ میں کہا، "آپ بھاگ سکتے ہیں، لیکن چھپ نہیں سکتے!”پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران نائٹ ویژن کی صلاحیت رکھنے والی M4 رائفل بھی برآمد کی گئی۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔





