منگل, جولائی 28, 2026
30 C
Srinagar

جموں و کشمیر کے نوجوان بھارت کے مستقبل کے معمار، صرف ڈگری نہیں بلکہ مہارتیں کامیابی کی ضمانت:منوج سنہا

سرینگر، 28 جولائی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے نوجوان بھارت کے مستقبل کے معمار ہیں اور تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں صرف ڈگریاں نہیں بلکہ مہارت، اختراع اور خود اعتمادی ہی کامیابی کا راستہ ہموار کریں گی۔

منگل کو یہاں امر سنگھ کالج سرینگر میں منعقدہ ’’میگا جاب فیئر ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے جوڑنے اور ان کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ میگا جاب فیئر محض بھرتی کا ایک پروگرام نہیں بلکہ ہزاروں نوجوانوں کے روشن مستقبل اور کامیاب کیریئر کے خوابوں کو نئی سمت دینے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا، "آپ بھارت کے مستقبل کے معمار ہیں، آپ اسکل انڈیا کی طاقت اور ڈیجیٹل انڈیا کی محرک قوت ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کامیابی کے لیے مناسب مواقع، درست رہنمائی اور مسلسل حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے اقدامات کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ نوجوان معاشرے کی ترقی اور ملک کی خوشحالی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔منوج سنہا نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیمی اسناد کے ساتھ ساتھ عملی مہارتیں حاصل کرنا بھی بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا،:’’آج صرف ڈگری حاصل کرنے پر توجہ دینے کا وقت نہیں ہے بلکہ اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں کو بھی مسلسل نکھارنا ضروری ہے، کیونکہ بدلتی ہوئی دنیا میں وہی لوگ آگے بڑھیں گے جو خود کو وقت کے تقاضوں کے مطابق مسلسل بہتر بناتے رہیں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ میگا جاب فیئر کا مقصد صرف ملازمتیں فراہم کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں میں خود اعتمادی پیدا کرنا، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ افرادی قوت کے طور پر تیار کرنا بھی ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ہنر مند افرادی قوت ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ان کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ ایسے طلبہ تیار کریں جو خود اعتمادی، مہارت اور بدلتے حالات سے ہم آہنگ ہونے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا، "میں تمام اساتذہ سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔ ہمیں ایسے تعلیمی ادارے قائم کرنے ہوں گے جو بااعتماد، ہنر مند اور خود اعتمادی کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کرنے والے نوجوان تیار کریں۔”

لیفٹیننٹ گورنر نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا جہاں ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا یکساں موقع حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا، "ہمیں ایسا ترقی یافتہ جموں و کشمیر تعمیر کرنا ہے جہاں ہر نوجوان کو اپنی مہارت دکھانے کا موقع ملے اور ہر خواب کو تعبیر نصیب ہو۔”

کے این او

Popular Categories

spot_imgspot_img