منگل, جولائی 28, 2026
30 C
Srinagar

گاندربل میں امرناتھ یاترا بس کو حادثہ، 39 یاتری زخمی،لیفٹیننٹ گورنر نے لیا جائزہ

ایشین میل نیوز ڈیسک

سرینگر،گاندربل: وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں امرناتھ یاترا سے وابستہ ایک بس سڑک سے پھسل کر الٹ جانے کے نتیجے میں 39 یاتری زخمی ہوگئے۔ حادثہ منگل کی علی الصبح ہری گنیوان کے ایس موڑ (S-Mode) کے مقام پر پیش آیا، جب رجسٹریشن نمبر AR11D-5655 والی بس بابا برفانی کے درشن کے بعد واپس لوٹ رہی تھی۔

حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، جموں و کشمیر پولیس اور دیگر ریسکیو اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال کنگن منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں بہتر علاج کے لیے شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ سرینگر ریفر کر دیا گیا۔

زخمی یاتریوں کا تعلق مدھیہ پردیش، راجستھان اور دہلی سے بتایا گیا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے لیا جائزہ

ادھر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گاندربل کے ڈپٹی کمشنر جتن کشور اور محکمہ صحت کے سینئر حکام سے رابطہ کرکے زخمی یاتریوں کی صحت سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام زخمیوں کو ہر ممکن سہولت اور بہترین طبی علاج فراہم کیا جائے۔

ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے لکھا:”میں نے ڈپٹی کمشنر گاندربل اور محکمہ صحت کے حکام سے بات کی اور آج صبح گنیوان، گاندربل میں پیش آنے والے افسوسناک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے شری امرناتھ جی یاترا کے یاتریوں کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بابا برفانی کے درشن کے بعد واپس لوٹنے والے 39 یاتری اس حادثے میں زخمی ہوئے ہیں اور اس وقت سکمز سرینگر میں زیرِ علاج ہیں۔ میں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمی یاتریوں کو ہر ممکن مدد اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ میں بھگوان شیو سے زخمی عقیدت مندوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔”

منوج سنہا نے زخمیوں کی عیادت 

اس دوران جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ سرینگر کا دورہ کیا اور گاندربل میں بس حادثے میں زخمی ہونے والے امرناتھ یاتریوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔

Image

لیفٹیننٹ گورنر نے زخمی یاتریوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی، ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کو فراہم کیے جا رہے طبی علاج کا بھی جائزہ لیا اور اسپتال انتظامیہ و متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ تمام یاتریوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں ہر ضروری مدد مہیا کی جائے۔

Image

دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ، ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لبرو، انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردھی اور سول و پولیس انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img