سرینگر،: وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ بدھ کو نیشنل کانفرنس کے وزراء اور اراکینِ اسمبلی کے ہمراہ داچھی گام نیشنل پارک پہنچے، جہاں پارٹی اور حکومت کی گزشتہ 19 ماہ کی کارکردگی، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ سیاسی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ اجلاس کا مقصد گزشتہ 19 ماہ کے دوران حکومتی امور کا جائزہ لینا ہے، جس میں کامیابیوں، کمزوریوں اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی احاطہ کیا جائے گا۔
انہوں نے لکھا، ’’ہم ایک آف سائٹ اجلاس کے لیے روانہ ہوئے ہیں جہاں گزشتہ 19 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، تاکہ مثبت پہلوؤں، خامیوں اور درمیانی تمام معاملات کا کھلے انداز میں تجزیہ کیا جا سکے۔‘‘
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومتی کارکردگی، عوامی توقعات، سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحۂ عمل سمیت مختلف امور زیرِ بحث آئے۔
اجلاس کے شرکاء صبح کے وقت گپکار میں جمع ہوئے، جہاں سے وہ مشترکہ طور پر داچی گام روانہ ہوئے۔





