نئی دہلی، 12 مارچ:
سپریم کورٹ نے آج دہشت گردی کی مالی معاونت کے ایک مقدمے میں کشمیری علیحدگی پسند رہنما شبیر احمد شاہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ مقدمے کی سماعت میں غیر معمولی تاخیر کی مناسب وضاحت پیش نہیں کی جا سکی۔
جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے یہ حکم اس وقت جاری کیا جب عدالت نے شبیر احمد شاہ کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کولن گونزالویس اور قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا کے دلائل سنے۔
شبیر احمد شاہ کو جون 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا اور این آئی اے کی جانب سے 4 اکتوبر 2019 کو دائر کی گئی دوسری ضمنی چارج شیٹ میں انہیں ملزم نامزد کیا گیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند تحریک کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا، ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کے اہل خانہ کو خراج عقیدت پیش کیا، حوالہ لین دین کے ذریعے رقوم حاصل کیں اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) تجارت کے ذریعے فنڈ جمع کیے، جو مبینہ طور پر تخریبی اور عسکری سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے گئے۔
شبیر احمد شاہ نے 7 جولائی 2023 کو این آئی اے کی خصوصی عدالت کی جانب سے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، تاہم وہاں بھی ان کی درخواست خارج کر دی گئی تھی۔
اپنی درخواست میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ این آئی اے کی مرکزی اور پہلی ضمنی چارج شیٹ میں ان کا نام شامل نہیں تھا، جن میں مبینہ سازش کے نتیجے میں جرائم کے وقوع پذیر ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ان کے خلاف ٹھوس شواہد کی عدم موجودگی، طویل مدت تک حراست میں رہنے اور مقدمے کی فوری سماعت کے امکانات نہ ہونے — کیونکہ استغاثہ کو تقریباً 400 گواہوں کے بیانات قلم بند کرنا ہیں — کے پیش نظر انہیں ضمانت دی جائے۔
دوسری جانب این آئی اے نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ شبیر احمد شاہ سمیت مختلف ملزمان نے مبینہ طور پر کشمیر وادی میں بدامنی پھیلانے اور حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کے لیے فنڈ جمع کرنے اور اکٹھا کرنے کی سازش کی۔
بشکریہ: لائیو لا





