جموں:حکومتِ جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ مختلف سرکاری محکموں میں کنٹریکچول بنیادوں پر کام کرنے والی خاتون ملازمین کو ‘میٹرنیٹی لیو’ یعنی ماں بننے کی رخصت تو دی جائے گی، تاہم یہ رخصت بغیر اعزازیہ فراہم کی جائے گی۔
یہ وضاحت قانون ساز اسمبلی میں رکن اسمبلی شگن پریہار کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں پیش کی گئی۔
ایوان میں پوچھا گیا تھا کہ آیا حکومت کنٹریکٹ پر کام کرنے والی خواتین ملازمین کو باضابطہ طور پر میٹرنیٹی لیو کا فائدہ دینے کا ارادہ رکھتی ہے اور اگر ہاں تو اس کی عمل آوری کب سے ممکن ہوگی۔ اس کے جواب میں حکومت نے کہا کہ ریاست میں کنٹریکچول ملازمین کی خدمات اُن شرائط و ضوابط کے مطابق چلتی ہیں جو ہر اسکیم یا محکمہ اپنے معاہدے میں طے کرتا ہے۔ اس لیے میٹرنیٹی لیو کی فراہمی بھی انہی شرائط کے دائرے میں آتی ہے۔
حکومت نے بتایا کہ اگرچہ کنٹریکچول عملے کو مستقل ملازمین جیسے فوائد حاصل نہیں ہوتے، تاہم اُن کی سماجی اور فلاحی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے بعض بنیادی سہولیات پہلے سے متعین کی گئی ہیں، جن میں سالانہ 15 دن کی تنخواہ سمیت عام رخصت، حادثے یا شدید بیماری کی صورت میں 30 دن کی بے اعزازیہ رخصت اور 180 دن کی میٹرنیٹی لیو بغیر اعزازیہ شامل ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ فی الوقت کنٹریکچول ملازمین کے لیے اعزازیہ سمیت میٹرنیٹی لیو کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں، جبکہ ان تمام سہولیات کا اطلاق متعلقہ معاہدے اور سکیموں کے قواعد کے مطابق ہوتا ہے۔یو این آئی، ار





