بلودابازار–بھاٹاپارا،: چھتیس گڑھ کے بلودابازار–بھاٹاپارا ضلع میں جمعرات کی صبح ایک نجی آئرن فیکٹری میں ہوئے زوردار دھماکے میں چھ مزدوروں کی موت ہو گئی جبکہ 10 سے زائد دیگر شدید طور پر جھلس گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ بھاٹاپارا دیہی تھانہ علاقے کے تحت گاؤں نپانیا میں واقع ریئل اسپات اسپنج آئرن فیکٹری میں پیش آیا۔ فیکٹری کے اسپنج آئرن پلانٹ میں ہوا یہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ پورے علاقے میں افراتفری مچ گئی اور آس پاس کام کر رہے مزدور اس کی زد میں آ گئے۔
فی الحال دھماکے کی اصل وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں امدادی اور بچاؤ دستوں کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
افسران کے مطابق واقعے میں شدید طور پر زخمی پانچ مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے بلاسپُور روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج مقامی اسپتالوں میں جاری ہے۔پولیس نے امدادی کارروائی کے دوران پورے متاثرہ علاقے کو محفوظ کر لیا ہے تاکہ آئندہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
یو این آئی





