جموں: جموں وکشمیر کے ضلع کشواڑ میں دوران شب آتشزدگی کے ایک ہولناک واقعے میں میونسپل کونسل دفتر کی عمارت اور دو رہائشی مکانات خاکستر ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ کشتواڑ قصبے میں دوران شب میونسپل کونسل دفتر کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس نے چشم زدن میں پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ کے شعلوں نے متصل واقع دو رہائشی مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آتشزدگی کے بارے میں اطلاع موصول ہونے کے بعد تین فائر ٹنڈرس کو جائے موقع پر بھی دیا گیا جنہوں نے ضلع پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج، سی آر پی ایف، ریڈ کراس، مقامی این جی اوز کے بھر پور تعاون سے آگ کو قابو میں کر لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں تینوں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔ دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے کارروائیاں شروع کی ہیں۔




