بدھ, مارچ ۱۱, ۲۰۲۶
14.6 C
Srinagar

اننت ناگ میں 2 منشیات فروش گرفتار، بڑی مقدار میں ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس

سری نگر: منشیات اسمگلنگ کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے اننت ناگ پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ سنگم کی ایک ٹیم نے ہلمولہ علاقے میں معمول کی چیکنگ کے دوران ایک ماروتی آلٹو گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرJK01P – 4799 کو روکا۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے تقریباً 4.90 کلو گانجا جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد ڈرائیور کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔ڈرائیور کی شناخت سہیل احمد بٹ ولد نذیر احمد بٹ ساکن بلیار مرہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس پوسٹ سنگم کی ایک پارٹی نے کے وی پورہ مرہامہ علاقے میں ایک شخص کو دھر لیا۔

انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 3.74 کلو چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جو ایک نائیلون بیگ میں چھپایا گیا تھا۔ملزم کی شناخت عبد الرشید بٹ ولد عبد الرزاق بٹ ساکن بٹہ پورہ مرہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن بجبہاڑہ میں ایف آئی آر نمبر56/2026 اور ایف آئی آر نمبر 57/2026 کے مقدمے درج کئے گئے اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img