سری نگر،: منشیات اسمگلنگ کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے پلوامہ پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے چرس جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن پلوامہ کی ایک ٹیم نے ٹہاب کراسنگ پر ایک مشتبہ شخص کو دھر لیا جس نے نائیلون کا ایک بیگ اٹھا رکھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 1.760 گرام چرس جیسا ممنوعہ مواد اور 475 گرام چرس پائوڈر جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو بر سر موقع ہی گرفتار کیا گیا۔
ملزم کی شناخت امتیاز احمد ولد غلام نبی ساکن ڈانگر پورہ حال رنگ مولہ کے طور پر کی گئی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن پلوامہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 12/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پلوامہ پولیس معاشرے سے منشیات کے ناسور کی بیخ کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے۔





