نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی آج کیرالہ اور تمل ناڈو کا دورہ کریں گے اور دونوں ریاستوں میں تقریباً 16,450 کروڑ روپے کے متعدد اہم ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا افتتاح کے اور سنگ بنیاد رکھیں گے وہ متعدد نئی ریل خدمات کو بھی جھنڈی دکھائیں گے وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی ریلیز کے مطابق، مسٹر نریندر مودی جن منصوبوں کا افتتاح کریں گے یا سنگ بنیاد رکھیں گے، ان میں پٹرولیم اور قدرتی گیس کے بنیادی ڈھانچے، دیہی رابطے، ہائی وے کی ترقی، اور ریلوے خدمات سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
ریلیز کے مطابق، مسٹر نریندر مودی تقریباً 10,800 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے اور کیرالہ کے ایرناکلم میں دوپہر 1:30 بجے منعقد ہونے والی تقریب میں کچھ منصوبوں کو ملک کے نام وقف کریں گے۔ اس موقع پر وہ عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔ اس میں بھارت پیٹرولیم کارپوریشن کی کوچی ریفائنری میں پولی پروپیلین یونٹ کا سنگ بنیاد رکھنا بھی شامل ہے۔ اس پروجیکٹ میں 5,500 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوگی۔
پولی پروپیلین اہم مواد ہے جو پیکیجنگ، آٹوموبائل پارٹس، طبی آلات، ٹیکسٹائل اور گھریلو مصنوعات میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ پروجیکٹ ہندوستان کی گھریلو پولیمر مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو مضبوط کرے گا، درآمداتی انحصار کو کم کرے گا، صنعتی ترقی کو فروغ دے گا، اور خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔ مسٹر نریندر مودی کیرالہ کے لیے دو بڑے قومی شاہراہ کے پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کریں گے۔
وہاں سے، مسٹر نریندر مودی تمل ناڈو کا سفر کریں گے اور تقریباً 5:45 بجے تروچیراپلی میں منعقد ہونے والے پروگرام میں 5,650 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے یا سنگ بنیاد رکھیں گے اور عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ اس تقریب کے دوران، وہ بھارت پیٹرولیم کے سٹی گیس ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جس سے نیلگیری اور ایروڈ کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ پروجیکٹ 3,680 کروڑ روپے کا ہے۔
اسی مقام سے، وہ چنئی میں انڈین آئل کارپوریشن کے 672,000 ٹن سالانہ صلاحیت کے لبریکینٹ بلینڈنگ پلانٹ کو ملک کے نام وقف کریں گے۔ ان منصوبوں کا مقصد توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، صنعتی ترقی کو تیز کرنا اور علاقائی رابطے کو بہتر بنانا ہے۔





