عالمی میڈیا رپورٹ
سپین کے سول گارڈ کا کہنا ہے کہ جنوبی سپین کے قصبے آدموز کے نزدیک دو ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ریل نیٹ ورک آپریٹر عدیف کے مطابق یہ واقعہ قرطبہ شہر کے نزدیک واقع آدموز قصبے کے قریب اس وقت پیش آیا جب ملاگا سے میڈرڈ جانے والی ایک تیز رفتار ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر کر دوسری پٹری پر چڑھ گئی جو مخالف سمت سے آنے والی ایک ٹرین سے ٹکرا گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے وقت دونوں ٹرینوں میں عملہ سمیت 400 افراد سوار تھے۔ایمرجنسی سروسز کے مطابق، اس تصادم کے بعد 122 افراد کو طبی امداد دی گئی جن میں سے 48 اب بھی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
زخمیوں میں سے ایک بچے سمیت 12 افراد انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔اس سے قبل سپین کے وزیر ٹرانسپورٹ آسکر پوینٹے نے اسے ’انتہائی عجیب‘ واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرین جہاں پٹری سے اتری ہے وہاں کا ٹریک وہ بالکل سیدھا ہے جس کی پچھلے سال مئی میں مرمت کی گئی تھی۔





