آج سے دن کے درجۂ حرارت میں بتدریج اضافے کی توقع ہے، جبکہ دہلی-این سی آر میں دن کا درجۂ حرارت تقریباً 24 ڈگری سیلسیس اور رات کا درجۂ حرارت کم ہو کر قریب 7 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔
تاہم یہ معمولی اضافہ محض عارضی راحت ثابت ہوگا۔ 19 جنوری سے ایک نیا مغربی خلل مغربی ہمالیائی خطے کو متاثر کرنے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں 23 جنوری تک بعض علاقوں میں شدید بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔ اس موسمی نظام کے اثرات راجستھان، پنجاب، ہریانہ، دہلی، اترپردیش اور بہار تک محسوس کیے جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز تک شمال مغربی ہندستان، اترپردیش اور بہار کے مختلف حصوں میں شدید دھند کی صورتحال برقرار رہے گی۔ اگرچہ سرد لہر کی شدت میں کمی آئی ہے، تاہم سردی کا اثر مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ کم از کم درجۂ حرارت میں معمولی اضافہ متوقع ہے، لیکن ٹھنڈ برقرار رہے گی۔
19 سے 22 جنوری کے دوران دہلی میں درجۂ حرارت میں کوئی نمایاں تبدیلی متوقع نہیں، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھائی رہ سکتی ہے، جس کے پیشِ نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آگے چل کر، 23 جنوری تک مغربی خلل کے باعث اتراکھنڈ، راجستھان، دہلی، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور مغربی اترپردیش کے بعض حصوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ادھر جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں دھند چھائی رہ سکتی ہے، جبکہ جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش یا برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
22 جنوری کے بعد موسم میں ایک بار پھر تبدیلی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں درجۂ حرارت میں کمی آسکتی ہے اور میدانی علاقوں میں دوبارہ سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
یو این آئی

شمالی ہندستان میں دھند اور سردی میں اضافے کی پیش گوئی
نئی دہلی،: ہندستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیر کی صبح دہلی کے مختلف علاقوں میں دھند کی پیش گوئی کی ہے۔ دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 25 ڈگری سیلسیس جبکہ کم از کم درجۂ حرارت 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔




