سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم اور دن میں ہلکی دھوپ کھلی رہنے کے بیچ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے جس نے لوگوں کا صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر نکلنا از بس محال کر دیا ہے۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
جنوبی کشمیر کا ضلع شوپیاں وادی میں سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ پلوامہ ضلع میں شبانہ درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور اننت ناگ ضلع میں منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی5.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی11.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 17 جنوری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 15 جنوری سے درجہ حرارت میں بہتری متوقع ہے۔





