
نئی دہلی،: ویسٹ ایشیا میں بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی بحران کی وجہ سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پیر کے روز خام تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا موصولہ اطلاعات کے مطابق، 31 مارچ کے لیے لندن کا برینٹ کروڈ فیوچر 10.3 فیصد اضافے کے ساتھ 80.18 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا اسی طرح امریکی کروڈ کا 20 مارچ کا فیوچر 9.33 فیصد اضافے کے ساتھ 73.27 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔
اسرائیل اور امریکہ کی ایران کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائی کے بعد ویسٹ ایشیا میں حالات تشویشناک ہو گئے ہیں۔ ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے کے ان کئی ممالک پر حملے کیے ہیں جہاں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں۔ اس صورتحال سے خام تیل کی سپلائی چین اور پیداوار دونوں متاثر ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں تیزی آئی ہے۔
دریں اثنا، اوپیک پلس کے آٹھ ممالک نے اتوار کے روز ایک ورچوئل میٹنگ میں قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے رضاکارانہ طور پر خام تیل کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ممالک میں سعودی عرب، روس، متحدہ عرب امارات، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان شامل ہیں۔ اجلاس میں طے پایا کہ یہ تمام ممالک مل کر اپریل سے خام تیل کی پیداوار میں روزانہ 16.5 لاکھ بیرل کا اضافہ کریں گے۔





